شہریت بل : میزورم میں یوم جمہوریہ تقاریب کا بائیکاٹ

   

ایزال۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) میزورم میں این جی او کوآرڈینیشن کمیٹی ، عوامی تنظیموں اور طلبہ کی تنظیموں کی جانب سے شہریت بل کے خلاف احتجاجاً ریاست میں یوم جمہوریہ کی تقاریب کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے چیرمین ون لال روتالہ نے یہ تفصیلات فراہم کی ہیں۔ این جی او کوآرڈینیشن کمیٹی کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس کے بعد صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں متنازعہ شہریت بل 2016ء منظور ہوا ہے جس کے خلاف احتجاجاً یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری ملازمین ، طلبہ اور عوام 26 جنوری کو منعقد شدنی یوم جمہوریہ تقاریب کا بائیکاٹ کریں گے۔ شہریت بل 2016ء لوک سبھا میں 8 جنوری کو منظور ہوا ہے جس کے تحت بنگلہ دیش ، پاکستان اور افغانستان کے غیرمسلم باشندوں کو شہریت دینے کی بات کی گئی ہے اور ایسے باشندے جوکہ 12 برس سے یہاں مقیم ہیں ، انہیں شہریت دینے کے برعکس نئے بل کی رو سے انہیں 6 برس کی سکونت پر ہی شہریت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بل کو راجیہ سبھا سے منظوری ملنا ہنوز باقی ہے۔