مرکز کے احکامات پر حکم التوا، جرمنی کی شہریت پر تنازعہ
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) ہندوستانی شہریت کے تنازعہ میں پھنسے ہوئے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کو تلنگانہ ہائی کورٹ سے راحت ملی ہے۔ عدالت نے اس معاملے کی سماعت کو قبول کرتے ہوئے مقدمہ کو آئندہ پانچ ہفتوں کے لیے ملتوی کردیا۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلے سے رکن اسمبلی کی ہندوستانی شہریت کے خاتمے پر روک لگ گئی ہے۔ سی ایچ رمیش جو ویملواڑہ اسمبلی حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں، مرکزی حکومت کی جانب سے ان کی شہریت معطل کرنے کے احکامات کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں نے شہریت کے بارے میں گمراہ کن معلومات فراہم کی ہیں۔ ہائی کورٹ نے مرکز کے فیصلے پر حکم التوا جاری کردیا۔ جسٹس ابھیشیک نے کہا کہ اس معاملے کی سماعت ریگولر کورٹ میں کی جانی چاہئے۔ درخواست گزار اے سرینواس نے شکایت کی کہ رکن اسمبلی کی جرمنی میں شہریت برقرار ہے۔ اپریل 2009ء میں وہ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کریم نگر آئے تھے۔ رکن اسمبلی نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے جرمنی کی شہریت ختم کردی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے شہریت چھوڑنے سے قبل ہندوستان میں قیام کی مدت سے متعلق تفصیلات حاصل کیں جس کے بعد رمیش کی ہندوستانی شہریت معطل کردی گئی۔ وزارت داخلہ کے فیصلے کے بعد رمیش کی اسمبلی کی رکنیت کو خطرہ لاحق ہوگیا تھا تاہم تلنگانہ ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کے احکامات پر حکم التوا جاری کردیا۔