گیاس کے بعد پٹرول و ڈیزل کی قلت سے صنعتی ادارے پریشان، حکومت کے تیقن اور اپیلوں کا کوئی اثر نہیں ، سڑکوں پر ٹریفک انتہائی کم
حیدرآباد۔25۔مارچ(سیاست نیوز) ایندھن کے بحران نے ریاست اور ملک بھر میں حکومت کو پریشان کیا ہوا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں پٹرول پمپ اور گیس اسٹیشن پر طویل قطاروں اور سڑکوں سے ٹریفک غائب ہونے کے سبب شہریوں کی تشویش میں مزید اضافہ ہونے لگا ہے۔ شہر حیدرآباد میں سڑکوں پر آج دن بھر ٹریفک انتہائی کم دیکھی گئی جبکہ شہر کے بیشترپٹرول پمپ اور گیس اسٹیشنوں پر گذشتہ یوم کی طرح آج بھی ہجوم دیکھاگیا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قلت کے نتیجہ میں ریاست کی کئی سرکردہ صنعتوں کوبھی اب بند جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ بیشتر صنعتوں بالخصوص بیکری اور اشیائے خورد و نوش کی تیاری کرنے والی صنعتوں میں لکڑی کے استعمال کا کلچر مکمل ختم ہوگیاتھا اور ان میں گیس استعمال کی جارہی تھی لیکن اب جن صنعتی اداروں کے پاس پائپ لائن کے ذریعہ گیس پہنچتی تھی ان اداروں کو بھی حکومت کی جانب سے محدود مقدار میں گیس کے استعمال کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں وہ اپنی مشنری کو ڈیزل پر منتقل کرنے کے اقدامات کررہے تھے اور ڈیزل پر چلانے کا آغاز کیا ہی تھا کہ اب ڈیزل اور پٹرول کی قلت نے صنعتی اداروں کوبھی بحران میں مبتلاء کردیا ہے۔حیدرآباد کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں پٹرول پمپ پر دیکھی جانے والی طویل قطاروں کے دوران مختلف محکمہ جات بالخصوص سیول سپلائز اور محکمہ پولیس نے عوام سے متعدد اپیلیں کرتے ہوئے انہیں خوف میں مبتلاء نہ ہونے کے لئے کہا جاتا رہا لیکن ان اپیلوں کا کوئی اثر نہیں دیکھا گیا ۔ تلنگانہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے وزیر سیول سپلائز کیپٹن اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں 60 یوم کا ایندھن موجود ہے اسی لئے ریاست کے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے ان اعلانات اور تیقنات کے درمیان ڈیلرس نے بتایاکہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں زائد از 70 فیصد پٹرول پمپ و گیس اسٹیشن اسٹاک نہ ہونے کے سبب بند ہیں ۔ عوام کی اس پریشانی کے دوران تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی ) نے شہریوں کی سہولت کے لئے آرٹی سی کی ڈیلکس اور ائیر کنڈیشن بسوں کے کرایہ میں 30 فیصد تخفیف کا اعلان کیا اور ٹی ایس آرٹی سی کے اس اقدام کا بھی شہریوں پر منفی اثر دیکھا جانے لگا ہے اور عوام یہ استفسار کر رہے ہیں کہ جب ریاست میں ایندھن کی قلت نہیں ہے تو آرٹی سی بس کرایوں میں کمی کرتے ہوئے عوام کو بس کے استعمال پر کیوں راغب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے!3