حیدرآباد /9 جنوری ( سیاست نیوز ) تاریخی شہر حیدرآباد جدید ترقیاتی مرکز کی حیثیت سے ساری دنیا کی نظریں مرکوز کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔ شہر حیدرآباد نے بہت ہی کم مدت میں عصری ترقی کے ذریعہ عالمی سطح پر ڈائنمک شہروں کی فہرست میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے اور یہ اعزاز مسلسل تیسری مرتبہ حاصل ہوا ہے ۔ منگل کو منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم ( ڈی ڈبلیو ای ایس ) کے سالانہ اجلاس میں جے ایل ایل سٹی مومنٹم انڈکس نے ( سی ایم آئی ) 2019 کی رپورٹ پیش کی ۔ جس میں اس ادارے نے عالمی سطح پر معاشی ترقی حاصل کرنے والے 131 شہروں میں انجام دئے جانے والے ترقیاتی کاموں اور امور کاجائزہ لینے کے بعد رپورٹ جاری کی ہے جس میں شہر حیدرآباد دوسرے نمبر پر ہے ۔ شہر حیدرآباد میں سی ایم آئی کی جانب سے سال 2015 میں جاری ٹاپ 20 شہروں کی فہرست میں حیدرآباد مسلسل تین سال سے سرفہرست ہے ۔ عالمی سطح پر بڑے شہروں میں انجام دئے جانے والے مختلف ترقیاتی کاموں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائنمک شہروں کی فہرست تیار کی جاتی ہے ۔ امسال پہلے نمبر پر بنگلور ، دوسرے نمبر پر حیدرآباد ، چوتھے نمبر پر دہلی ، پانچویں نمبر پر پونے ، ساتویں نمبر پر چنائی اور پندرہویں نمبر پر کولکتہ آتے ہیں ۔