شہر میں آر ٹی سی اور میٹرو سرویس کا فوری آغاز کیا جائے

   

کانگریس کا مطالبہ، غریب اور متوسط طبقات مہنگے سفر سے پریشان
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میں آر ٹی سی بسوں اور میٹرو ریل سرویس کا فوری آغاز کرے۔ تاکہ عوام کم خرچ میں سفر کرسکیں۔ کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کو فراموش کرچکی ہے ۔ غریب اور متوسط طبقات کو دونوں شہروں میں آرٹی سی بس سرویس اور میٹرو ریل بند ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ 22 مارچ کو لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد سے دونوں خدمات بند کردی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے یہ فیصلہ درست تھا لیکن موجودہ حالات میں یہ خدمات فوری بحال کی جانی چاہئے ۔ مرکز نے ان لاک ۔I اور II کا اعلان کردیا ہے ۔ اس کے باوجود عوام ، آر ٹی سی اور میٹرو سے محروم ہیں۔ نظام الدین نے کہا کہ یکم جولائی سے تقریباً تمام تجارتی ادارے کھول دیئے گئے لیکن دور دراز کے علاقوں میں ملازمت کرنے والے افراد اور دکانداروں کو پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی معطلی سے دشواریوں کا سامنا ہے۔ روزانہ محنت مزدوری کرنے والے افراد آٹو رکشا یا کیاب سرویس کے اخراجات ادا نہیں کرسکتے۔ کم خرچ میں عوام کو حمل و نقل کی سہولت فراہم کرنے آر ٹی سی اور میٹرو کی بحالی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ دونوں سرویسز شروع کی جاسکتی ہیں۔