شہر میں جائیدادوں کے سروے کا کام عارضی طور پر ملتوی

   

عہدیدار ریلیف کے کاموں میں مصروف، متاثرین میں کے سی آرکٹس کی تقسیم
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شدید بارش کے سبب شہر کے حدود میں جائیدادوں کے سروے کا کام روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بارش کی صورتحال اور ریلیف کے کاموں میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور ملازمین کی مصروفیت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ بلدیہ کے ذرائع نے بتایا کہ دھرانی پورٹل پر جائیدادوں کی تفصیلات درج کرنے کیلئے شروع کی گئی مہم کو عارضی طور پر ملتوی کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے آئندہ احکامات تک سروے کا کام نہیں ہوگا۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے بارش کے نقصانات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ بچاؤ و راحت کاموں کے علاوہ صحت وصفائی کے سلسلہ میں زائد عہدیداروں اور ملازمین کو متعین کیا جائے۔ سی ایم ریلیف کٹس کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا جس میں 2800 روپئے مالیت کی غذائی اجناس کے علاوہ ہر خاندان کو 3 بلانکٹس مفت تقسیم کی جائیں گی۔ متاثرہ خاندانوں کو سی ایم ریلیف کٹس کے تحت 5 کیلو چاول، ایک کیلو تور دال، آدھا کیلو خوردنی تیل، 200 گرام مرچ پاؤڈر، 100 گرام ہلدی، 200 گرام سامبر پاؤڈر، ایک کیلو نمک، 250 گرام املی، ایک کیلو آٹا اور 100 گرام چائے پتی شامل رہے گی۔ کے ٹی آر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ وبائی امراض کے سلسلہ میں عوام کو باشعور بنائیں اور انہیں ضروری ادویات حوالے کریں۔ واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں جائیدادوں سے متعلق سروے کا کام پہلے ہی انتہائی سُست رفتاری سے جاری تھا۔ عوام کو سروے کے سوالات پر اعتراض ہے جس کے نتیجہ میں بلدی عہدیداروں کو عوام کی جانب سے کئی علاقوں میں تعاون حاصل نہیں ہوا اور وہ سروے کے بغیر واپس ہونے پر مجبور ہوگئے۔