کے ٹی آر کی نئی دہلی میں راج ناتھ سنگھ سے ملاقات، مختلف مقامات پر ڈیفنس اراضی کی نشاندہی
حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور سکندرآباد کنٹونمنٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے دفاعی اراضی کے حصول و کنٹونمنٹ کے بعض علاقوں کو جی ایچ ایم سی میں ضم کرنے نمائندگی کی۔ کے ٹی آر نے راج ناتھ سنگھ کو سکندرآباد کنٹونمنٹ کے شہری علاقوں کی جی ایچ ایم سی میں انضمام کی تجویز سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ فوجی علاقوں کے ماسوا دیگر شہری علاقوں کو کنٹونمنٹ بورڈ کے کنٹرول سے علحدہ کیا جائے تاکہ انہیں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں شامل کیا جاسکے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہری علاقوں کی بہتر ترقی کیلئے فوری کارروائی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے تحت کئی شہری فوجی عہدیداروںکی تحدیدات سے مسائل کا شکار ہیں۔ علاقہ کی بہتر ترقی کیلئے وہ جی ایچ ایم سی میں انضمام کے حق میں ہیں۔ کے ٹی آر کے ہمراہ رکن پارلیمنٹ روہت ریڈی، نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ونود کمار اور اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار تھے۔ کے ٹی آر نے مختلف مسائل پر مکتوب راج ناتھ سنگھ کے حوالے کئے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے رعیتو بازار مہدی پٹنم کے قریب اسکائی واک تعمیر کیا جارہا ہے جس کیلئے 0.20 ہیکٹر ڈیفنس اراضی کی ضرورت ہے۔ ٹریفک مسائل سے نمٹنے اور حادثات میں کمی کے علاوہ پیدل راہ گیروں کی سہولت کیلئے اسکائی واک کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ راج ناتھ سنگھ سے اپیل کی گئی کہ وہ ڈیفنس اراضی کے الاٹمنٹ کو منظوری دیں۔ ایک اور مکتوب میں بتایا گیا کہ آوٹر رنگ روڈ پر حیدرآباد ، کریم نگر ، راما گنڈم کے درمیان راہداری کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ یہ پراجکٹ پیراڈئیز جنکشن سے شروع ہوگا اور شاہ میر پیٹ آؤٹر رنگ روڈ جنکشن پر ختم ہوگا۔ یہ راہداری ویسٹ ماریڈپلی ، کارخانہ ، ترملگیری ، بلارم ، الوال اورحکیم پیٹ سے گزر کر شاہ میر پیٹ پر ختم ہوگی۔ اس پراجکٹ کیلئے ڈیفنس کی 94.20 ایکر اراضی کی ضرورت ہے۔ کے ٹی آر نے قومی شاہراہ 44 پر ایلیویٹیڈ کاریڈار کی تعمیر کیلئے 56.19 ایکر ڈیفنس اراضی الاٹ کرنے درخواست کی ۔ کے ٹی آر نے بنجارہ ہلز ، کنچن باغ ، زہرہ بی درگاہ تا رکشاپورم ، محمدی لائین تا آندھرا فلور مل اور آندھرا فلور مل تا ٹیپو خاں برج سڑک توسیع کے منصوبے سے واقف کرایا ۔ سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں ڈیفنس کی اراضیات کے الاٹمنٹ کی درخواست کی تاکہ شہر میں بڑھتی ٹریفک سے نمٹنے میں سہولت ہو۔ راج ناتھ سنگھ سے ان امور میں شخصی مداخلت کی درخواست کی گئی ۔ ر