شہر میں شب براء ت کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام

   

خصوصی عبادات ‘ اذکار اور دعاوں کا اہتمام ۔ کئی مقامات پر جلسوں کا بھی انعقاد
حیدرآباد 13 فبروری ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد اور سارے تلنگانہ میں شب براء ت کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا ۔ شہر کی تقریبا تمام مساجد کو روشنیوں سے منور کیا گیا اور مصلیان کی کثیر تعداد عبادات و اذکار میںمصروف رہی ۔ نماز عشاء کے بعد مساجد میںسورہ یسین کی تلاوت کا اہتمام کیا گیا ۔ خصوصی دعائیں کی گئیں اور رب تبارک و تعالی کی بارگاہ میںرقت انگیز دعائیں کرتے ہوئے بندگان خداء نے اپنے گناہوں سے توبہ کی ۔ مساجد میں نماز تہجد اور صلواۃ التسبیح کا بھی اہتمام کیا گیا تھا اور خطابات کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ شہر کے مختلف مقامات پر شب براء ت کے جلسے بھی منعقد ہوئے ۔ مساجد میں اور جلسوں میں علماء کرام اور مشائخین عظام نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ بارگاہ خداوندی میں توبہ و استغفار کے ساتھ رجوع ہوں۔ آج کی بابرکت اور متبرک رات میں عبادات و اذکار کا اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ اللہ کی بارگاہ میں اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہوئے بخشش طلب کریں۔ ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ۔ ایسے میں خود کو گناہوں سے دور کرتے ہوئے رمضان کیلئے تیار کریں تاکہ ماہ رمضان المبارک کی رحمتوں ‘ برکتوں اور سعادتوں سے فیض یاب ہوسکیں۔ مساجد میںہونے والے خطاب اور شب براء ت کے جلسوں میں بھی عوام کی کثیر تعداد شریک رہی اور علماء کرام کی نصیحتوں پر عمل کرنے کا عہد کیا ۔ خطباء کرام نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں کو لہو و لعب سے پاک کریں۔ توبہ و استغفار کو اختیار کریںا ور جتنا ممکن ہوسکے اللہ کی بارگاہ میں رجوع ہوں ۔ نمازوں کی پابندی کریں۔ احکام شریعت پر عمل کریں اور خود کو گناہوں سے بچائے رکھیں۔ ملک میں امن و امان اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں اور کئی مقامات پر نعتیہ محافل کا بھی اہتمام کیا گیا ۔