حیدرآباد 29 نومبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد کی اولین ملٹی لیول اسمارٹ سہولت کا شہر کے کے بی آر پارک کے قریب آج افتتاح عمل میں لایا گیا ہے ۔ اس پراجیکٹ کو جی ایچ ایم سی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے اور اسے نوا نرمان اسوسی ایٹس نے پبلک ۔ پرائیوٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مکمل کیا ہے ۔ یہاں صبح 5 بجے سے رات 11 بجے تک پارکنگ کی سہولت دستیاب رہے گی ۔ اس پارکنگ کے مقام پر ورٹیکل میکانیکل روٹری اسٹرکچر موجود ہے جہاں مختلف سلاٹس میں ایک وقت میں جملہ 72 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش موجود ہے ۔ اس کے علاوہ اس مقام پر دو پہئیہ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے گھی جگہ مختص کی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے آر ایف آئی ڈی کی بنیاد پر داخلہ اور ایگزٹ کارڈز صارفین کو جاری کرے گی ۔ اس اسمارٹ پارکنگ سہولت کو 405 مربع میٹرس پر تعمیر کیا گیا ہے اور جہاں لوڈ بیالنس سینسرس ‘ لاکنگ سسٹمس ‘ سی سی ٹی وی نگرانی اور ایمرجنسی سسٹم بھی موجود ہے ۔ کے بی آر پارک شہر کا مصروف علاقہ سمجھا جاتا ہے اور یہاں لب سڑک پارکنگ کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے ایک قابل عمل حل کے طور پر یہ پارکنگ سہولت شروع کی گئی ہے ۔ ورٹیکل روٹری پارکنگ سسٹم کی مدد سے کم سے کم شہری اراضیات کو استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پارکنگ کی گنجائش فراہم کی جاسکتی ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس سہولت کی شروعات سے کے بی آر پارک اور اطراف کے مصروف ترین علاقہ میں پارکنگ کے مسئلہ سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ اس پارکنگ سہولت نے آج سے کام کرنا شروع بھی کردیا ہے