شہر میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش۔ موسم خوشگوار

,

   

حیدرآباد۔16جون(سیاست نیوز) شہر میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی وبائی امراض کا سلسلہ شروع ہونے کے خدشات میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔دونوں شہروں میں آج صبح سے مطلع ابر آلود تھا لیکن دوپہر کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو رارت تک وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3یوم کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جو ریاست کے تمام اضلاع میں ہونے کا امکان ہے ۔ماہرین نے مانسون کی بارش کی رفتار کو بہتر اور کارآمد قرار دیا ہے جبکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ صحت کی جانب سے بارش کے آغاز کے ساتھ شروع ہونے والی وبائی امراض سے محفوظ رہنے احتیاطی اقدامات کرنے کی تاکید کی ہے۔شہر میں کھانسی ‘ بخاراور سردی و نزلہ کی شکایات میں بارش کے ساتھ اضافہ ہونے لگتا ہے لیکن موجودحالات میں ان امراض کو نظر انداز کرنے کی حکمت عملی اختیار نہ کی جائے بلکہ فوری ان کے علاج پر توجہ دے کر ڈاکٹرس سے رجوع ہوں۔ دونوں شہروں میں دوپہر اور سہ پہر کے دوران بارش کے سبب سڑکوں پرپانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں اور جی ایچ ایم سی ایمرجنسی عملہ کی جانب سے انہیں دور کرنے اقدامات کئے گئے ۔