شہر میں پولیس کی تلاشی مہم ‘ نقد رقم ‘موٹرکارس ضبط

   

حیدرآباد ۔ /31 مارچ (سیاست نیوز) مجوزہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر دونوں شہروں میں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور وقفہ وقفہ سے پولیس شہر کے کئی مقامات پر گاڑیوں کی تلاشی لے رہی ہے ۔ پرانے شہر کے علاقے فلک نما میں پولیس نے اچانک تلاشی مہم کے دوران 108 گاڑیاں بشمول 80 کاریں اور 28 موٹر سائیکلوں کی تلاشی لی ۔ جبکہ 8 موٹر سائیکلوں کو اور 4 کاروں کو ضبط کرلیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما ایم اے رشید کی زیرنگرانی کی تلاشی مہم کی گئی جس میں پولیس نے یہ کارروائی کی ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں سائبر آباد پولیس نے علاقہ راجیو نگر میں کاروں کی تلاشی کے دوران ایک شخص کے قبضے سے دو لاکھ کی رقم برآمد کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مدینہ گوڑہ کے ساکن رنگناتھ چودھری اپنے ہمراہ دو لاکھ روپئے کی نقد رقم منتقل کررہے تھے لیکن پولیس نے تلاشی کے دوران رقم کا پتہ لگاتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا اور ضبط شدہ رقم کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کردیا ۔