شہر میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ!

   

مانسون کے پیش نظرآئندہ دنوں میں مزید اضافہ کا اندیشہ : ڈاکٹر شنکر

حیدرآباد : /21 جون (رتنا چوٹرانی) گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پریونٹیو میڈیسن کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شنکر نے بتایا کہ حیدرآباد کے بعض حصوں میں ڈینگو بخار کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے اس اندیشہ کا اظہار بھی کیا کہ آنے والے دنوں میں ڈینگو مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا کیونکہ مانسون کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اسی دوران بعض ماہرین نے اس بات کی بھی پیش قیاسی کی ہے کہ اس کے وائرس میں بھی آئندہ 3 تا 4 ہفتوں کے دوران اس وقت ڈرامائی انداز میںاضافہ ہوگا ۔جب مچھروں کی افزائش کیلئے موسم مزید سازگار ہوجائے گا ۔ نمائندہ سیاست سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شنکر نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ڈینگو کے پازیٹیو کیسیس کی تعداد 26 تھی لیکن اب مریضوں کی تعداد میں یومیہ بنیاد پر اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں میں بیشتر نوجوان ہے ۔ انہوں نے اس اندیشہ کا بھی اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ آؤٹ پیشنٹ کے طور پر آنے والے اکثر مریض ڈینگو کے پازیٹیو پائے جارہے ہیں ۔ بعض ٹائیفیڈ کے مریض بھی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بعض افراد پانی سے ہونے والے امراض کا بھی شکار ہیں ۔