ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں کمی کے نتیجہ میں حیدرآباد میں کنٹینمنٹ زونس کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ حیدرآباد میں کنٹینمنٹ علاقوں کی تعداد دو ہفتے قبل تقریباً 100 تھی جو اب گھٹ کر 63 ہوچکی ہے۔ ریاست کے دیگر علاقوں میں کنٹینمنٹ زونس کی تعداد 100 کے قریب بتائی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں کورونا کیسس میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے اور حکومت نے سرگرمی کے ساتھ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا ہے۔ کنٹینمنٹ زون کے قیام کے ساتھ ساتھ علاقہ کے تمام مکانات پر کڑی نظر رکھی جاتی ہے تاکہ وائرس دوسرے مکانات تک پھیلنے نہ پائے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا کے سلسلہ میں تمام تر احتیاطی قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ ماہرین کی جانب سے دوسری لہر کے اندیشوں کے پیش نظر حکومت نے چوکسی کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائد عمر کے افراد اور مختلف امراض کا شکار لوگوں کو آئندہ دو ماہ تک احتیاط کی ضرورت ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں ہیلت ورکرس اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کے ذریعہ شعور بیداری کا کام انجام دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا تاکہ مریضوں کی حقیقی صورتحال کا پتہ چلایا جاسکے۔