بین ریاستی ٹولی کا سرغنہ گرفتار، بندوق اور طفنچہ ضبط
حیدرآباد۔ 15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد حدود میں غیر قانونی طور پر ہتھیار فروخت کرنے والی ایک ٹولی کا پولیس رچہ کنڈہ نے پردہ فاش کردیا اور اس بین ریاستی ٹولی کے سرغنہ رکن کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق شمالی ہند کی ریاست اترپردیش سے بتایا گیا ہے جو بہار سے ہتھیار حاصل کرتے ہوئے حیدرآباد میں فروخت کر رہا تھا ۔ شمالی ہند کے غنڈہ عناصر اور ڈکیتی میں ملوث افراد کی ٹولیاں گریٹر حیدرآباد میں سرگرم ہیں لیکن اب اس نئے رجحان کے سبب پولیس نے اپنی چوکسی بڑھادی ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سدھیر بابو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 26 سالہ ہرے کرشنا یادو متوطن اترپردیش کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے دو دیستی ساختہ بندوق اور ایک طفنچہ کے علاوہ 10 کارتوس کو ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ہرے کرشنا یادو ان بندوقوں اور طفنچہ کو حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے فروخت کرنا چاہتا تھا اور گاہکوں کی تلاش میں تھا کہ اس دوران ایس او ٹی بھونگیر اور جواہر نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی میں ہرے کرشنا یادو کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ یادو اس کے بھائی کے ہمراہ سال 2019 میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا یہ دو بھائی روزگار کی تلاش میں آئے تھے، جو بی بی نگر علاقہ میں رہتے تھے ۔ سال 2022 میں ہرے کرشنا یادو ا پنے آبائی مقام چلا گیا ۔ یادو کا گاؤں اترپردیش میں بہار ریاست کی سرحد سے جڑا ہوا ہے ، اس نے بہار میں ہتھیار فروحت کرنے والے سمپت یادو سے رابطہ پیدا کیا اور اس سے ہتھیاروں کو خریدکر حیدرآباد منتقل کیا اور فروخت کرنے کی کوشش میں تھا ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ اس بین ریاستی ٹولی کے تعلق سے مزید تحقیقات کی جائے گی اور ان سے جڑے یا پھر اس طرح کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں جرائم کے خلاف پولیس انتہائی مستعد اور چوکسی اختیار کررہی ہے۔ سائبر کرائم کے علاوہ دوسرے جرائم کے واقعات میں اضافے باعث تشویش ہے۔ ع