شہر و اضلاع میں آئندہ تین دن سر د لہر و اوسط بارش کا امکان

   

طوفان دتوا ساحل سے ٹکرانے کا تین دن اثر رہ سکتا ہے ۔ اوڈیشہ پر بھی اثرات ممکن

حیدرآباد 30 نومبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں و تلنگانہ کے 4 اضلاع میں آئندہ تین یوم سرد لہروں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ’دتوا‘ کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد پڑوسی آندھرا پردیش و تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور 3یوم جاری رہنے کا امکان ہے۔شہر میں رات میں درجہ حرارت میں گراوٹ پر محکمہ موسمیات نے کہا کہ گذشتہ دنوں کی طرح درجہ حرارت میں گرواٹ کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے لیکن سرد ہواؤں کے باوجود درجہ حرارت میں معمولی گراوٹ کی توقع ہے ۔ ماہرین کے مطابق طوفان کے سبب بارشوں کے دوران سرد ہواؤں کے ساتھ درجہ حرارت میں نمایاں گرواٹ نہیں آتی بلکہ عام طور پر درجہ حرارت معمول کے مطابق ہوتا ہے لیکن ہواؤں میں سردی ہوتی ہے۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق آئندہ تین یوم 14تا16 ڈگری درجہ حرارت رات میں شہر میں ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ نواحی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں یکم ڈسمبر تا 6ڈسمبر درجہ حرارت 15تا16 ڈگری ریکارڈ کئے جانے کا امکان ظاہر ۔ جاریہ ہفتہ کے دوران دن میں بھی مطلع ابرآلود رہنے و ہلکی یا تیز بوندا بانی ہوسکتی ہے۔دونوں شہروں میں آج دن بھر مطلع ابرآلود رہا اور دن بھر سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا ۔ حیدرآبادو سکندرآباد میں موسم پر محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ خلیج بنگال میں طوفان کے اثرات زائل ہونے تک اسی طرح کا موسم رہیگا جبکہ کھمم‘ سوریہ پیٹ‘ ناگرکرنول‘ نلگنڈہ و بعض دیگر اضلاع میں بارشوں کی پیش قیاسی ہے اور آئندہ تین یوم مسلسل بارشوں کے امکان پر کہا جارہا ہے کہ طوفان’دتوا‘ کے اثرات سے تلنگانہ و پڑوسی تلگو ریاست آندھرا پردیش کے بعض اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اوڈیشہ پر بھی اس طوفان کے اثرات دیکھے جائیں گے ۔3