شہر و اضلاع میں آئندہ 2 دن شدید بارش ممکن

   

موسلادھار بارش کا امکان ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی
حیدرآباد 18 اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں آئندہ 48 گھنٹوں میں بارش کے امکانات کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور شمالی اضلاع میں بارش و دونوں شہروں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی لیکن آئندہ 24گھنٹوں میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی میں کہا گیا کہ شہر کے بعض علاقوں میں بارش کاجمعہ کی رات سے آغاز ہوسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات سے آئندہ 4یوم کیلئے گذشتہ شب زرد الرٹ جاری کردیا گیا تھا لیکن خانگی ماہرین کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں میں تلنگانہ کے شمالی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ طوفانی بارش یا سیلاب کی صورتحال کو مسترد کرکے خانگی ماہرین نے بتایا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ شہر حیدرآباد میں رات کے اوقات میں بارش کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں میں شمالی اضلاع میں ہونے والی بارشیں گھن ’گرج اور چمک کے ساتھ ریکارڈ کی جائیں گی ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی پر خانگی ماہرین کا کہناہے کہ تلنگانہ میں ہوا کے دباؤ کے سبب بادلوں کے برسنے کا سلسلہ شروع ہوگا ۔ خانگی ماہرین کی جانب سے شہر حیدرآباد میں بھی آج سہ پہر ہلکی بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی اور چند منٹوں کیلئے ہونے والی اس ہلکی بارش اور بوندا باندی کے بعد کی گئی پیش قیاسی میں کہا گیا کہ رات میں دونوں شہروں میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔