شہر و اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں غیر موسمی بارش کا امکان

   

ایک ہفتے تک موسم میں تبدیلی برقرار رہنے کی امید ۔ کچھ مقامات پر شدید بارش بھی ممکن
حیدرآباد 14 مارچ(سیاست نیوز) گرمی کی شدت میں گذشتہ 5یوم سے اضافہ کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں موسلادھار غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے جا رہاہے جو کہ 15مارچ سے ہونے کا امکان ہے ۔ یہ سلسلہ آئندہ ایک ہفتہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق تلگو تہوار ’اگادی‘ کے علاوہ عید الفطر کے موقع پر بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ۔ خانگی ماہرین کے مطابق 15تا 17مارچ 40 تا 50 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ اس دوران بیشتر اضلاع میں گھن ‘ گرج کے ساتھ 40 تا 50 ملی میٹر بارش ہوگی اور 40تا60 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہلے مرحلہ کی بارش کے دوران شہر کے علاوہ نواحی علاقہ میں بارش کے اثرات ریکارڈ کئے جائیں گے لیکن دوسرے مرحلہ یعنی 17 تا20 مارچ 60 تا 80 ملی میٹر بارش کا خدشہ ہے اور شہر حیدرآباد میں بھی موسلادھار غیر موسمی بارشوں شروع ہونے کا امکان ہے جو کہ دونوں شہروں کے و ریاست میں گرما کی شدت میں کمی کا سبب بنے گا۔ماہرین موسمیات کے مطابق دوسرے مرحلہ میں بارش کے دوران دونوں شہروں و کئی اضلاع میں 50تا 60کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کے علاوہ گھن ‘ گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ شہر میں 18 اور 19 مارچ کو تیسرے مرحلہ کی بارش بھی ہوسکتی ہے اور دن کے و رات کے اوقات میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ خانگی ماہرین کے مطابق ان 3مرحلوں کی بارش کے دوران زرعی فصلیں تباہ ہونے کے علاوہ ہورڈنگس گرنے کے سبب حادثات اور برقی کھمبوں کے گرنے کے واقعات رونما ہونے کا خدشہ ہے علاوہ ازیں ان بارشوں کے دوران بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آسکتے ہیں اس لئے عوام سے احتیاط کی اپیل کی گئی ہے۔3