شہر و اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ‘4اموات ۔ مزید بارش کی پیش قیاسی

,

   

کئی پراجکٹس کے گیٹس دوبارہ کھول دیئے گئے ‘ ندیاں اور تالاب لبریز ‘ عام زندگی درہم برہم ‘ 7اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ

حیدرآباد ۔ 8اگست ( سیاست نیوز) ریاست کے مختلف اضلاع اور شہر میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن مزید بارش ہونے کی پیش قیاسی کرتے ہوئے 9اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیا ۔ بارش سے ریاست میں چار اموات ہوئی ۔ دو دن قبل غرقاب ہوجانے والے مچھیرے کی آج نعش دستیاب ہوئی ۔ کالیشورم پراجکٹ کے پاس دریائے گوداوری کے پانی کی سطح آب میں اضافہ ہونے پر عہدیداران نے لکشمی بیارج کے 85 گیٹس کھول دیئے ۔ سرسوتی بیارج کے 66گیٹس کھول دیئے ۔ سری سیلم پراجکٹ کے تین گیٹس کھول دیئے گئے ۔ ضلع کھمم کے پالیر پراجکٹ کے 24 گیٹس کھول دیئے گئے ہیں ۔ سری رام ساگر پراجکٹ کے 9گیٹس کھول دیئے گئے ۔گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں کے علاوہ اضلاع میں دھواں دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی اضلاع میں بریجس کو نقصان پہنچا ‘ سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں ۔ جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں ۔ کئی اضلاع کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا جس سے عام زندگیدرہم برہم ہوگئی ہے ۔ ندیاں اور تالاب لبریز ہوکر بہنے سے گھروں اور کھیتوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جس سے عوام اور کسان پریشان ہیں ۔ کئی اضلاع میں بہت زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے اور کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ متحدہ اضلاع کھمم ‘ کمرم بھیم آصف آباد ‘ نلگنڈہ میں زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ سنگارینی کے اوپن کاسٹ میں پانی جمع ہونے سے کوئلہ کی پیداوار رک گئی ہے ۔ سوریا پیٹ ضلع میں ندی عبور کرنے کے دوران ایک کسان غرق ہوکر ہلاک ہوگیا ۔ حمایت ساگر میں تیرنے کیلئے جانے والا ایک آٹو ڈرائیور ہلاک ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس غوطہ خوروں کی مدد سے نعش کو برآمد کرلیا ۔ ضلع ملگ میں بارش سے مکان منہدم ہونے پر ایک ضعیف خاتون 60 سالہ منگماں ہلاک ہوگئی ۔ ضلع ورنگل میں دو دن قبل مچھلیاں پکڑنے کے دوران غرقاب ہونے والے ایک مچھیرے کی نعش آج دستیاب ہوئی ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس سے ربط پیدا کرتے ہوئے بارش پر گہری نظر رکھنے اور عوام کی زندگیوں کا تحفظ کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد اضلاع میں سرکاری مشنری متحرک ہوگئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے شمالی تلنگانہ کے 9اضلاع عادل آباد ‘ آصف آباد ‘ منچریال ‘ نرمل ، جگتیال ، کریم نگر ، پداپلی ، بھوپال پلیاور ملگ کیلئے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ان اضلاع دھواں دھار اور موسلادھار بارش ہونے کا انتباہ دیا جبکہ اضلاع نظام آباد ، سرسلہ ، کتہ گوڑم ، کھمم ، محبوب آباد ، ورنگل ، ہنمکنڈہ کیلئے آرینج الرٹ جاری کردیا ہے جبکہ اضلاع نلگنڈہ سوریا پیٹ ،جنگاؤں ، وقارآباد ، سنگاریڈی ، میدک ، محبوب نگر اور نارائن پیٹ کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں پلوں پر سے پانی بہہ رہا ہے جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت کا رُخ موڑ دیا گیا ہے ۔ کئی گاؤں کا عام زندگی سے بھی رشتہ ٹوٹ گیا ہے ۔ دوبارہ ہزاروں ایکڑ اراضی پر محیط فصلیں پانی میں ڈوب گئی ہیں ۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ فی گھنٹہ 30 تا 40 کلومیٹر کی رفتار سے ہوا چلے گی اور ساتھ ہی گرج و چمک کے ساتھ بارش ہوگی ۔ عوام کو احتیاطی اقدامات کرنے اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریڈ الرٹ کا مطلب اندرون 24گھنٹے انتہائی شدید بارش 20سنٹی میٹر سے زیادہ ہوسکتی ہے جبکہ آرینج الرٹ کا مطلب 6تا 20سنٹی میٹر کے درمیان شدید بارش اور ایلو الرٹ کا مطلب 6 تا 11سنٹی میٹر کے درمیان بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ بناہوا ہے ۔ن