شہر کی سڑکیں زمین میں دھنسنے لگیں

   

جغرافیائی اعتبار سے حیدرآباد انتہائی محفوظ شہرہونے کے باوجود حیرت انگیز حالات
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد میں سڑکیں زمین میں دھنسنے لگی ہیں ۔ حالانکہ جغرافیائی اعتبار سے شہر حیدرآباد کا انتہائی محفوظ شہروں میں شمار ہوتا ہے ۔ باوجود اس کے شہر میں سڑکوں کا زمین دوز ہونا شہریوں و خوف و دہشت کا سبب بنا ہوا ہے ۔ شہر کے علاقہ چاکناواڑہ بیگم بازار میں ایک سڑک زمین دوڑ ہوگئی ۔ لاکھوں روپئے لاگت سے تعمیر کی گئی سڑک کا اچانک زمین دوز ہونا شہریوں میں حیرت کا سبب بنا ہوا ہے ۔ اس سڑک پر خوف ناک شگاف پڑ گیا اور سڑک کٹ کر زمین میں دھنس گئی ۔ اس واقعہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل کی رات اچانکے چاکنا واڑی کی سڑک زمین دوز ہوگئی ۔ اس وقت اس سڑک پر کوئی شہری سفر نہیں کررہا تھا ۔ سڑک کے زمین دوز ہونے کی اطلاع پر مقامی شہریوں نے خوف و دہشت کا اظہار کیا اور یہ مناظر اب سوشیل میڈیا پر گشت کررہے ہیں جس پر طرح طرح کے تبصرے جاری ہیں ۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس علاقہ میں ایک قدیم نالہ پایا جاتا ہے اور شاید نالے کو نظر انداز کرتے ہوئے اس پر سڑک تعمیر کی گئی ۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ اس مقام سے تھوڑی دور پر اس طرح سے سڑک زمین میں دھنس گئی اور بڑا شگاف پڑ گیا ۔ اس علاقہ میں نالے پر سڑک کی تعمیر کو ایک خطرناک اقدام سے تعبیر کیا جارہا ہے اور عوام سوال کررہی ہے کہ نالے پر سڑک تعمیر کو کس طرح منظوری دی گئی اور عہدیدار کس طرح اس کام کو انجام دینے پر راضی ہوئے ۔ یہاں اس بات کا ذکر بے جا نہ ہوگا کہ شہر حیدرآباد میں ان دنوں سڑکوں کا برا حال ہے ۔ سڑکوں پر کھدوائی اور ترقیاتی کاموں کی عدم تکمیل عوامی مشکلات کا سبب بن رہی ہیں ۔ ترقیاتی کاموں کے نام پر کھدوائی کرتے ہوئے کام کو درمیان میں چھوڑ دیا جارہا ہے ۔ افسوس کے اس لاپرواہی کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ گذشتہ دنوں نامپلی کے علاقہ میں اس طرح کے مسائل پر دونوں گروپس میں جھگڑا ہوا تھا اور سنسنی پیدا ہوگئی تھی ۔ شہر میں تقریبا ہر حلقہ میں شہریوں کو خستہ حال تباہ شدہ اور عدم تکمیل شدہ ترقیاتی کاموں اور سڑکوں سے پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ ارباب مجاز کو چاہئے کہ وہ اس جانب توجہ مرکوز کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی پر توجہ دیتے ہوئے اقدامات کو انجام دیں ۔۔ ع