حیدرآباد۔وزیر فینانس ہریش راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ حیدرآباد کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں 5 آئی ٹی پارکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ گرڈ پالیسی کے تحت ریاستی کابینہ نے اپنے حالیہ اجلاس میں آئی ٹی پارکس کے قیام کی منظوری دی ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف کمپنی سکریٹریز آف انڈیا حیدرآباد چیاپٹر کے 46 ویں فاؤنڈیشن ڈے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں نئی صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں رجسٹریشن میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ٹی ایس آئی پاس صنعتی پالیسی کے تحت 11570 سے زائد صنعتوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان میں سے 80 فیصد کمپنیوں نے کارکردگی کا آغاز کردیا اور 6 لاکھ افراد کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ عالمی نوعیت کے اداروں کے داخلہ سے ٹی ھب اور وی ھب کا استحکام ہوا ہے۔ حکومت شہر میں منفرد ایکو سسٹم کیلئے ٹی ھب کے دوسرے مرحلہ پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کے بعد ریاست میں خاص طور پر حیدرآباد میں صنعتوں کے قیام میں اضافہ کی امید ہے۔ چین اور دیگر ممالک سے صنعتیں قائم ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم، مشن بھگیرتا اور مشن کاکتیہ کے ذریعہ حکومت نے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کی راہ ہموار کی ہے۔ ریاست میں ایک کروڑ ایکر اراضی کو کاشت کے تحت لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔