شہر کے خانگی ہاسپٹلس کو کورونا مریضوں کے علاج کی اجازت

   

کارپوریٹ ہاسپٹلس میں خصوصی وارڈس کا قیام، سہولتوں کے اعتبار سے علاج کے اخراجات
حیدرآباد ۔10۔ جون(سیاست نیوز) حکومت نے آخرکار خانگی ہاسپٹلس کو کور ونا ٹسٹ اور کورونا مریضوں کے علاج کی اجازت دے دی ہے ۔ حیدرآباد میں واقع کارپوریٹ ہاسپٹلس نے کور ونا مریضوں کے علاج کا آغاز کردیا ہے ۔ ہائی کورٹ کے حالیہ احکامات کے بعد حکومت نے خانگی ہاسپٹلس کو کورونا ٹسٹ اور مریضوں کے علاج کی اجازت دے دی ہے ۔ اس طرح اب کورونا کے مریض خانگی ہاسپٹلس سے رجوع ہونے کی صورت میں گاندھی یا کسی اور سرکاری ہاسپٹلس کو روانہ نہیں کئے جائیں گے بلکہ ان کا علاج کیا جائے گا ۔ گریٹر حیدرآباد میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ہائی کورٹ کے احکامات کی تعمیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کے اس فیصلہ سے کئی ایسے افراد کو راحت ملی ہے جو سرکاری دواخانوں میں علاج کے لئے تیار نہیں اور وہ خانگی ہاسپٹلس کے اخراجات کو برداشت کرسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ خانگی ہاسپٹلس میں قائم کئے گئے کووڈ۔19 کے خصوصی وارڈس تقریباً بھرچکے ہیں۔ محکمہ صحت نے سابق میں 40 خانگی ہاسپٹلس کو کورونا کے مریضوں کے علاج کی اجازت دی ہے جس کے تحت 8 تا 10 بڑے کارپوریٹ ہاسپٹلس میں خصوصی آئیسولیشن کی سہولتوں کے ساتھ وارڈس قائم کئے ہیں ۔ اگرچہ حکومت کی جانب سے باقاعدہ احکامات جاری نہیں ہوئے تاہم خانگی ہاسپٹلس کو مریضوں کے علاج کے سلسلہ میں پیامات روانہ کئے گئے ہیں۔ خانگی ہاسپٹلس اپنی سہولتوں کے اعتبار سے مریضوں کو چارج کر رہے ہیں ۔ خانگی ہاسپٹلس میں علاج کی سہولت کے آغاز کے بعد سے کورونا کی ابتدائی علامات کے ساتھ ہی لوگ ہاسپٹلس سے رجوع ہورہے ہیں جس کے سبب کارپوریٹ ہاسپٹلس میں بستروں کی کمی کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے ۔