آئندہ چار دن میں جنگی خطوط پر کچرے کی صفائی اور ڈی انفکشن اسپرے کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے شہر کے بیشتر علاقے کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہونے پر بلدی عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا۔ غفلت و لاپرواہی کو برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا اور آئندہ چار دن میں جنگی خطوط پر کچرے کی صفائی اور ڈی انفکشن اسپرے کی ہدایت دی۔ کے ٹی آر نے محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار ‘ کمشنر اینڈ ڈائرکٹر ڈاکٹر ستیہ نارائنا جی ایچ ایم سی کے کمشنر لوکیش کمار سے فون پر بات کی۔ کورونا کے تیزی سے پھیلنے کے پیش نظر فوری صفائی کرنے ہائی پوکلورائیڈ کا چھڑکاؤ کرنے کی ہدایت دی۔ شہر کے علاوہ ریاست کی تمام میونسپلیز میں خصوصی مہم شروع بلدیہ کی گاڑیوں کے علاوہ ضرورت کے مطابق کرائیے کی گاڑیاں حاصل کرنے کورونا وباء ختم ہونے تک صفائی کی خصوصی مہم چلانے کا مشورہ دیا۔ محکمہ کے عہدیداروں کو محکمہ صحت سے تال میل کرکے کورونا کو کنٹرول کرنے عوام میں شعور بیدار کرنے پر زور دیا۔ کے ٹی آر کی ہدایت کے بعد اروند کمار نے جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنرس ڈپٹی کمشنرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا اور کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ قواعد پر عمل کرکے شہر سے ڈسٹ بین کو برخواست کیا گیا مگر شہر میں کچرے کے انبار کھڑے ہوگئے ہیں۔ کچرے کی صفائی کا کام اطمینان بخش نہیں ہے۔ ڈی اروند نے تمام زونل کمشنرس ڈپٹی کمشنری اور اے ایم ایچ او سی کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے کچرے کی صفائی کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔ بالخصوص کثیر آبادی والے علاقے، مارکٹس، بس اسٹیشنس، پارکس و تجارتی علاقوں کے پاس کچرہ نظر آنے پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ بن فری سٹی کیلئے گھر گھر پہنچکر لوگوں سے کچرا اکٹھا کرنے ضرورت کے مطابق مزید نئے سوچھ آٹوز خریدنے مہیندرا کمپنی سے بات چیت کا جی ایچ ایم سی کے کمشنر کو مشورہ دیا۔ سڑکوں اور گلی کوچوں میں کچرا نظر آنے پر کارروائی کا انتباہ دیا۔ جن علاقوں سے کچرے کی صفائی کی جارہی ہے وہاں ڈی انفکشن اسپرے کی ہدایت دی صفائی عملہ کو ہینڈ گلوز، سنیٹائزر اور ماسک لازمی طور پر فراہم کرنے پر زور دیا۔