دیگر حصوں میں گرمی کی لہر برقرار، مانسون کی 8 جون تک آمد متوقع
حیدرآباد۔/4 جون، ( سیاست نیوز) گذشتہ چند دنوں سے شدید گرمی کی لپیٹ میں موجود حیدرآبادی شہریوں کو ہلکی سی راحت ملی ہے۔ آج شام اچانک موسم کی تبدیلی کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں بارش کے سبب درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گذشتہ دو دنوں سے حیدرآباد میں درجہ حرارت جاریہ سیزن کا سب سے زیادہ درج کیا گیا تھا۔ بارش کے نتیجہ میں شہر کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی سے عوام نے راحت محسوس کی۔ ہائی ٹیک سٹی، چندا نگر، پٹن چیرو، میاں پور، گچی باؤلی، رائے درگ، کوکٹ پلی، موسیٰ پیٹ، ایرا گڈہ، صنعت نگر، فتح نگر اور بالا نگر میں موسلا دھار بارش رہی۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی اور عوام کو کوئی خاص راحت نہیں ملی۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ہندوستان میں جنوب مغربی مانسون کی آمد میں کسی قدر تاخیر ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ کیرالا کے بعد مانسون تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی طرف بڑھے گا۔ آندھرا پردیش میں مانسون 8 جون کو داخل ہوسکتا ہے اور 12 جون تک آندھرا پردیش کے تمام علاقوں کا احاطہ کرلے گا۔ اسی دوران ریاست کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 45.6 درج کیا گیا۔ آندھرا پردیش کے نرسا راؤ پیٹ، منگل گیری، گنٹور ایسٹ میں درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں تک تلگو ریاستوں میں گرم موسم کی پیش قیاسی کی ہے۔ر