آئندہ ہفتے گرمی میں کمی کا امکان ۔ اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ
حیدرآباد۔28۔مئی ۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے مختلف علاقو ںمیں شدید دھوپ اور 41 ڈگری درجہ حرارت کے دوران اچانک بارش کے سبب کچھ راحت حاصل ہوئی لیکن محکمہ موسمیات سے آئندہ تین یوم درجہ حرارت 38ڈگری سے 40ڈگری کے درمیان رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ کے مطابق حیدرآباد اور نواحی علاقوں میں آج درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا لیکن سہ پہر شدید گرمی اور رطوبت کے دوران بنجارہ ہلز‘ پنجہ گٹہ ‘ ٹولی چوکی ‘ یوسف گوڑہ ‘ امیر پیٹ ‘ خیریت آباد ‘ ونستھلی پورم‘ عنبرپیٹ‘ اپل کے علاقوں میں اچانک بارش ہوئی جس سے ان علاقوں میں گرمی کی شدت میں معمولی راحت ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے لیکن ابتدائی تین یوم گرمی کا سلسلہ برقرار رہیگا ۔ دونوں شہروں کے علاوہ کئی اضلاع میں بھی اتوار کو بارش ہوئی اور محکمہ موسمیات سے بعض اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جن اضلاع کیلئے محکمہ موسمیات سے زرد الرٹ جاری کیا گیا ان میں نظام آباد ‘ کاماریڈی ‘ میدک ‘ سنگاریڈی ‘ میڑچل ‘ یادادری ‘ بھونگیر‘ بھدرادری ‘ کتہ گوڑم‘ ملگ و کھمم شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان اضلاع کیلئے زرد انتباہ کی اجرائی اور بارش کی پیش قیاسی کے باوجود بیشتر مقامات پر درجہ حرارت 39 ڈگری سے 45 ڈگری کے درمیان رہنے کے اندیشے ہیں اور گرمی کی شدت بعض اضلاع میں جاری رہے گی۔ آج نلگنڈہ کے علاقہ ندامنور میں 46.1 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا جبکہ نلگنڈہ کے ہی علاقہ دمرا چیرلہ میں درجہ حرارت 45.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔محبوب آباد ‘ کریم نگر اور ملگ میں بھی درجہ حرارت 45 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ شہر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت شیرلنگم پلی کے علاقہ میں 41.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔م