نئی دہلی: دبئی میں سزائے موت پانے والی ہندوستانی خاتون شہزادی خان کے والد شبیر خان نے گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی بیٹی کو نہ بچا سکے، نہ ہی اسے آخری بار دیکھ سکے، لیکن اب کم از کم ہم اس کی قبر پر جا کر فاتحہ پڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ دبئی میں شہزادی کے زیر استعمال سامان، بشمول پاسپورٹ اور موبائل، انہیں واپس دلانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔بیٹی کی موت کے بعد ان کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے، اور ان کی اہلیہ مسلسل غم کے باعث شدید علیل ہیں۔ میں نے اپنی بیوی سے وعدہ کیا ہے کہ اسے دبئی لے جاؤں گا تاکہ وہ اپنی بیٹی کی آخری نشانی کو دیکھ سکے، لیکن مالی مشکلات آڑے آ رہی ہیں۔ میں پاسپورٹ بنوانے کی کوشش کر رہا ہوں، اگر کہیں سے مدد ملی تو ہم ضرور جائیں گے۔