بالی وڈ کے شہرہ آفاق اداکار اور شہشناہ جذبات دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر کی صحت کی طرف سے کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتی ہیں اس لیے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر انہوں نے اپنے شوہر کو مکمل طور پر تنہائی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دلیپ کمار کا کہنا ہے کہ اس وقت جو حالات ہیں اس کے پیش نظر انہوں نے یہ قدم احتیاطی تدابیر کے طور پر اٹھایا ہے۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1239617934319730688
اداکار دلیپ کمار کا آبائی وطن پاکستان کا شہر پشاور ہے۔ ان کی عمر 97 برس ہے اور ممبئی کے باندرہ میں رہتے ہیں۔ انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ’’کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے میں مکمل طور پر تنہائی اور قرنطینہ میں ہوں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ مجھے کسی طرح کا کوئی انفیکشن نہ ہو، سائرہ نے تمام ممکنہ کوشش اور انتظام کیا ہے۔‘‘
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1239620504492761088
اس موقع پر دلیپ کمار نے اپنے مداحوں سے بھی صحت سے متعلق ایڈوائزری پر عمل کرنے اور اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس سے متعلق اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا، ’’میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ جتنا ممکن ہوسکے گھر کے باہر نہ نکلیں اور اپنے آپ کی حفاظت کریں۔ کرونا وائرس کی وبا تمام حدود و سرحدیں پار کر چکی ہے۔ محمکہ صحت کی جانب سے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں اس پر عمل کریں، ایک دوسر سے خلط ملط ہونے سے گریز کیجیے اور اپنے ساتھ دوسروں کو بھی محفوظ رکھیے۔‘‘