غزہ : عالمی شہرت یافتہ فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ اسرائیلی فضائی حملہ میں اپنے خاندان کے 9 افراد سمیت شہید ہو گئیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 23 سالہ فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں معروف کانز فلم فیسٹیول میں منتخب ہونے والی دستاویزی فلم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی صبح شمالی غزہ میں فاطمہ حسونہ کے گھر پر فضائی حملہ ہوا تھا۔ کانز فلم فیسٹیول کی طرف سے ان کی دستاویزی فلم ’پٹ یور سول آن یور ہینڈ اینڈ واک‘ کو کانز فلم فیسٹیول کے معروف ادارے ایسوسی ایشن فار دی ڈفیوڑن آف انڈیپینڈنٹ سنیما (اے سی آئی ڈی) کی سائیڈ بار کے ساتھ دکھائے جانے کا اعلان ایک روز قبل کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل فضائی حملہ میں شہید ہونے والوں میں فاطمہ حسونہ کے بہن بھائی بھی شامل ہیں جن میں سے ان کی ایک بہن حاملہ تھی۔ فاطمہ حسونہ کی حال ہی میں منگنی ہوئی تھی اور وہ فرانسیسی سفارت خانے کے ذریعہ پیرس جانے کے انتظامات کر رہی تھیں۔