شیخ حسینہ کی حلف برداری، کابینہ میں 31 نئے چہرے

,

   

ڈھاکہ ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی مسلسل تیسری بار وزیراعظم ہونے کا پیر کے روز شیخ حسینہ نے حلف لیا۔ 30 ڈسمبر کو منعقدہ عام انتخابات میں شیخ حسینہ کی عوامی لیگ پارٹی کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ ملک کے صدر محمد عبدالحمید نے 71 سالہ شیخ حسینہ کو بنگا بھون میں عہدہ کا حلف دلایا جبکہ بحیثیت وزیراعظم شیخ حسینہ کی یہ چوتھی میعاد ہے۔ بعدازاں صدر موصوف نے نئے وزراء، ریاستی وزراء اور نائب وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حسینہ 24 وزراء، 19 مملکتی وزراء اور تین ریاستی وزراء کی کابینہ کی قیادت کریں گی۔ یاد رہیکہ ان کی حکمراں عظیم اتحاد کو 96 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی جبکہ اپوزیشن نے ان پر انتخابی دھاندلیوں اور تشدد برپا کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے جس کی شیخ حسینہ اور ان کی حلیف جماعتوں نے تردید کی ہے۔ شیخ حسینہ کی کابینہ میں اس وقت نئے چہروں کی اکثریت ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ کابینہ کے 31 ارکان پہلی بار ایوان میں پہنچے ہیں۔ جمعرات کے روز شیخ حسینہ کو چوتھی بار ایوان کا قائد منتخب کیا گیا تھا۔ شیخ حسینہ جو بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمن کی دختر ہیں، کو ملک میں عوام ’’خاتونِ آہن‘‘ سے تعبیر کرتے ہیں۔ وزراء کی کونسل سے متعدد سینئر قائدین کو ہٹا دیا گیا ہے جیسا کہ کہا جارہا ہیکہ اہم قلمدانوں جیسے وزارت دفاع کو شیخ حسینہ نے اپنے ہی پاس رکھا ہے۔ دوسری طرف عوامی لیگ کی قیادت والے عظیم اتحاد کی شراکت دار جاتیہ پارٹی نے کلیدی اپوزیشن بی این پی جس کی قیادت جیل کی سزاء کاٹ رہیں خالدہ ضیاء کرتی ہیں، کے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کرنے کے بعد پارلیمنٹ کی اپوزیشن بنچس پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔