وزیر اعظم مودی، محمد بن سلمان اور دیگر سے ملاقات کا پروگرام
نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی بنگلہ دیش کی ہم منصب شیخ حسینہ کی G20 چوٹی کانفرنس سے قبل اپنی رہائش گاہ پر میزبانی کریں گے ۔ بنگلہ دیش اس کانفرنس کے 9مہمان ممالک میں شامل ہے۔ شیخ حسینہ جمعہ کو تین روزہ دورے پر دہلی پہنچیں گی اور سربراہی اجلاس کے پہلے سیشن میں خطاب کریں گی۔ دسمبر میں بنگلہ دیش کے انتخابات سے پہلے ان کا دہلی کا یہ آخری دورہ ہوسکتا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے ساتھ ملاقات میں ہندوستان۔بنگلہ دیش تعلقات کو تازہ کرنے کا موقع ملے ۔ میڈیا کے مطابق جمعہ کی شام وزیر اعظم مودی کی لوک کلیان مارگ رہائش گاہ 7 میں مودی۔حسینہ ملاقات کیلئے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ شیخ حسینہ پر امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی سہولت فراہم کرنے کے لیے دباؤ ہے لیکن ہندوستان نے اس سلسلے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ دہلی میں بنگلہ دیش کے وزیر اعظم سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان، نائیجیریا کے صدر بولا احمد ٹینوبو، ارجنٹائن کے صدر البرٹو اینجل فرنانڈیز، جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول اور صدر یو اے ای کے محمد بن زید النہیان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔وہ 10 ستمبر کو دیگر G20 رہنماؤں کے ساتھ مہاتما گاندھی کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے راج گھاٹ بھی جائیں گی اور اسی دن دوپہرکو بنگلہ دیش روانہ ہوں گی۔