حیدرآباد /31 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شیخ پیٹ کے ایک پٹرول پمپ میں ایک کار شعلہ پوش ہوگئی ۔ اس حادثہ کے باعث علاقہ میں خوف و سنسنی کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ تاہم پولیس اور آتش فرو عملہ کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ شیخ پیٹ چوراہے پر واقع انڈین پٹرول پمپ میں پٹرول حاصل کرنے پہونچی کار میں پٹرول ڈالنے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا ۔ مقامی عوام نے اس علاقہ میں گذشتہ دنوں ہوئے کرین حادثہ کی یاد تازہ کی ۔ تاہم اس خوفناک حادثہ میں کوئی جانی نقصان کا واقعہ پیش نہیں آیا ۔ اس سلسلہ میں گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر مسٹر چندرا شیکھر ریڈی نے بتایا کہ شیخ پیٹ چوراہے پر واقع انڈین پٹرول پمپ میں آج دوپہر ایک اسکوڈا کار پٹرول کیلئے پہونچی اور ڈرائیور بشیر احمد کار میں بیٹھا ہوا تھا اور پٹرول پمپ کا عملہ کار میں پٹرول ڈال رہا تھا اس دوران عملہ کی چوکسی نے کار سے پٹرول کے اخراج کو دیکھا اور ڈرائیور کو آگاہ کیا اور ڈرایئور بشیر احمد فوری کار سے اتر گیا اور اس نے پٹرول کو خارج ہوتا دیکھ کر اس کا جائزہ لے رہا تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے کار آگ کی لپیٹ میں آکر شعلہ پوش ہوگئی ۔ پٹرول پمپ کے عملہ نے پٹرول کو بند کردیا اور فوری ڈائیل 100 پر شکایت کی ۔ شکایت کے اندرون 10 منٹ پولیس گولکنڈہ کی ٹیم اور آتش فرو عملہ شیخ پیٹ پہونچ گیا اور آگ پر قابو پالیا گیا ۔ اس دوران سڑک پر ٹریفک کے رخ کو موڑ دیا گیا تھا اور عوام پر خوف طاری تھا ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھوڑی ہی دیر میں حالات پر قابو پالیا اور ٹریفک بحال کردی گئی پولیس گولکنڈہ کے مطابق کار بابو پلی علاقہ کے ساکن شخص ستیش بابو کی بنائی گئی جو کوداڑ میں واقع کالج کا پرنسپل بتایا گیا ہے ۔ جس کے پٹرول پمپ کا مالک اجئے کمار ریڈی بتایا گیا ہے ۔