شیرخوار لڑکی کو زندہ دفن کرنے کی کوشش

   

دو افراد گرفتار۔ جوبلی بس اسٹیشن کے قریب واقعہ
حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) سکندرآباد جوبلی بس اسٹیشن کے قریب پولیس نے دو مشتبہ افراد کو اُس وقت گرفتار کرلیا جب وہ شیرخوار بچی کو زندہ دفن کرنے کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح 9.30 بجے ایک آٹو ڈرائیور نے دو مشتبہ افراد کو جوبلی بس اسٹیشن کے قریب گڑھا کھودتا ہوا دیکھا اور شیرخوار کے رونے کی بھی آواز سنی۔ آٹو ڈرائیور نے فوری وہاں موجود پولیس کانسٹبل ایس وینکٹ راما کرشنا کو اطلاع دی جس پر پولیس جوان نے دو افراد سے گڑھے کی کھدائی کی وجہ دریافت کی جس پر اُنھوں نے بتایا کہ اُن کا نواسہ گاندھی ہاسپٹل میں فوت ہوگیا اور آر ٹی سی ہڑتال کے نتیجہ میں وہ نعش اپنے آبائی مقام منتقل نہیں کرسکتا اِس لئے وہ اُسے یہیں دفن کررہا ہے۔ لیکن شیرخوار کی حرکت اور رونے کی آواز پر کانسٹبل نے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا اور شیرخوار بچی کو گاندھی ہاسپٹل چلڈرنس وارڈ منتقل کیا۔ پولیس چلکل گوڑہ نے مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ بچی پیدا ہونے کے نتیجہ میں مایوس ہوکر اُسے زندہ دفنانے کی کوشش کی جارہی تھی۔