شیواجی کا مجسمہ ’اسٹینلیس اسٹیل‘ کا ہوتا تو نہ گرتا: گڈکری

   

نئی دہلی: مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہا ہیکہ اگر مہاراشٹرا کے سندھو درگ ضلع کے راجکوٹ قلعہ میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کی تعمیر میں ’اسٹینلیس اسٹیل‘ استعمال کیا جاتا تو یہ گرنے نہ پاتا۔ گڈکری نے ساحلی علاقوں میں ’اینٹی رسٹ‘ مصنوعات کے استعمال پر بھی زور دیا۔ 26 اگست کو مراٹھا ریاست کے مشہور بانی شیواجی مہاراج کے مجسمے کے انہدام نے مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی تنازعہ کو جنم دیا۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر گڈکری نے کہا کہ وہ پچھلے تین سال سے زور دے رہے ہیں کہ سمندر سے قریب پلوں کی تعمیر میں ’اسٹینلیس اسٹیل‘ (زنگ سے بچاؤ والا فولاد) کا استعمال کیا جائے۔ مہاراشٹرا کے وزیر امکنہ کے طور پر اپنے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ وہ ممبئی میں 55 فلائی اوور بنا رہے ہیں اور ایک شخص نے انہیں بیوقوف بنادیا۔