شیوسینا باغی ارکان کو اندرون 24 گھنٹے ممبئی آنے کا نیا آفر

,

   

تمام ارکان کی رضامندی پر مہاوکاس اگھاڑی سے باہر آنے کا اعلان : سنجے راوت

ممبئی : مہاراشٹرا کی حکمران شیوسینا میں بغاوت کے بعد گھنٹے گھنٹے میں تبدیلیاں ہورہی ہیں شیوسینا کے ترجمان و رکن راجیہ سبھا سنجے راوت نے باغی ارکان اسمبلی کو ایک نیا آفر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ سب 24 گھنٹوں کے اندر ممبئی واپس لوٹتے ہیں تو وہ مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) اتحادسے باہر آنے پر غور کریں گے ۔ فی الحال، آسام کے گوہاٹی میں 40 سے زیادہ ایم ایل اے ہیں، جن کی قیادت شیوسینا کے باغی لیڈر ایکناتھ شندے کر رہے ہیں۔ آج دوپہر یہ تمام پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ شنڈے نے کہا کہ انہیں شیوسینا ایم ایل ایز کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار کی بھی حمایت حاصل ہے۔دوسری طرف، شیوسینا کے پاس صرف 14 ارکان اسمبلی بچ گئے ہیں۔ آدتیہ ٹھاکرے سمیت صرف 13 ایم ایل ایز نے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کی میٹنگ میں شرکت کی۔ مجموعی طور پر پارٹی کے 55 ممبران اسمبلی ہیں۔ اسی دوران سنجے راوت نے تازہ طور پر ناراض ارکان اسمبلی سے کہا کہ ممبئی سے باہر ناراض لیڈر ہندوتوا کا مسئلہ اٹھاتے ہیں۔ لگتا ہے آپ کو حکومت سے ہی پریشانی ہے۔ اگر یہ تمام ایم ایل اے چاہتے ہیں کہ شیوسینا پارٹی ایم وی اے سے باہر آجائے توآپ تمام ممبئی آنے کی ہمت کریں۔ اگر آپ 24 گھنٹے میں ممبئی واپس آتے ہیں اور چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے سے بات کرتے ہیں تو ہم آپ کے مطالبے پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم آپ کے مطالبے کو مثبت انداز میں لیں گے۔ ٹویٹر یا واٹس ایپ پر خط مت لکھیں۔گزشتہ روز کارکنوں سے بات کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے اعلان کیا تھا کہ وہ چیف منسٹر کا عہدہ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا استعفیٰ نامہ تیار ہے۔ سرکاری رہائش گاہ بھی فوری طور پر خالی کر دی گئی۔