شیو سینا کا ہند۔پاک میچ کے خلاف احتجاج

   

ممبئی، 14 ستمبر (آئی اے این ایس)۔ شیو سینا (یوبی ٹی) کے کارکنوں نے اتوارکو مہاراشٹر کے مختلف حصوں میں ہندوستان۔ پاکستان ایشیا کپ کرکٹ میچ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور ایک ٹی وی سیٹ توڑ ڈالا۔ روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔ جب مئی میں فوجی کارروائی کے دوران ہندوستان نے پاکستان کے زیرِ قبضہ علاقوں میں دہشت گردی کے ڈھانچوں پر حملے کیے تھے اس کے بعد یہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ ہوگا ۔ یہ کارروائی اس وقت کی گئی تھی جب 22 اپریل کو پہلگام میں ایک دہشت گرد حملے میں26 افراد، جن میں زیادہ تر سیاح تھے، ہلاک ہوئے تھے۔ ہندوستانی حکومت نے قومی ٹیم کو صرف کثیر الملکی ایونٹس جیسے ورلڈ کپ اور ایشیا کپ میں پاکستان کیخلاف کھیلنے کی اجازت دی ، جبکہ دو طرفہ کھیلوں کی سیریز پر مکمل پابندی عائد ہے۔