شیو پرتاپ شکلا نے تلنگانہ گورنر کے عہدہ کا تلگو میں حلف لیا

   

چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ نے حلف دلایا، تقریب میں وندے ماترم کی گونج، چیف منسٹر ، وزراء اور اہم شخصیتوں نے مبارکباد پیش کی

حیدرآباد ۔11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے نئے گورنر شیو پرتاپ شکلا نے آج لوک بھون میں منعقدہ تقریب میں عہدہ کا حلف لیا۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ اپریش کمار سنگھ نے شیو پرتاپ شکلا کو حلف دلایا۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے سینئر قائد شیو پرتاپ شکلا کو مرکزی حکومت نے ہماچل پردیش کے گورنر کے عہدہ سے تبادلہ کرتے ہوئے تلنگانہ کا گورنر مقرر کیا۔ جشنو دیو ورما کا مہاراشٹرا تبادلہ کیا گیا۔ حلف برداری تقریب کی خصوصیت یہ رہی کہ شیو پرتاپ شکلا نے تلگو زبان میں حلف لیا۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے کے باوجود گورنر نے تلگو عوام سے اظہار یگانگت کے طور پر حلف برداری کے الفاظ کو اپنی زبان میں لکھتے ہوئے پڑھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے خدا کے نام پر حلف اٹھایا۔ تقریب حلف برداری 11.20 بجے منعقد ہوئی جو 10 منٹ میں اختتام پذیر ہوئی۔ حلف برداری تقریب کے آغاز اور اختتام پر وندے ماترم اور قومی ترانہ جن من گن پڑھا گیا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کی عدم موجودگی میں اسپیشل چیف سکریٹری دانا کشور نے حلف برداری تقریب کی کارروائی چلائی اور صدر جمہوریہ کے احکام تقرر پڑھ کر سنائے۔ حلف برداری کے ساتھ ہی جسٹس اپریش کمار سنگھ اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شیو پرتاپ شکلا کو مبارکباد پیش کی۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد شیو پرتاپ شکلا ریاست کے چوتھے گورنر ہیں۔ ای ایس ایل نرسمہن ، ڈاکٹر سوندرا راجن اور جشنو دیو ورما کے بعد شیو پرتاپ شکلا تلنگانہ کے گورنر کے عہدہ پر فائز کئے گئے۔ گورنر کی جانب سے تلگو زبان میں حلف برداری کا تقریب میں شریک قائدین نے خیرمقدم کیا اور گورنر کو مبارکباد پیش کی ۔ حلف برداری تقریب میں سابق گورنر بنڈارو دتاتریہ ، اسپیکر قانون ساز اسمبلی پرساد کمار ، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدرنشین انسانی حقوق کمیشن جسٹس شمیم اختر ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، بی جے پی کے ریاستی صدر رامچندر راؤ ، ریاستی وزراء وی سری ہری ، جوپلی کرشنا راؤ ، ٹی ناگیشور راؤ، پی سرینواس ریڈی ، دامودر راج نرسمہا ، ڈی سریدھر بابو ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، محمد اظہر الدین ، ڈی انوسویا سیتکا ، ڈائرکٹر جنرل پولیس ، وی شیودھر ریڈی کے علاوہ عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد گورنر نے چیف منسٹر اور وزراء کے ساتھ گروپ فوٹو کھنچوائی۔ سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے تقریب میں شرکت کی ۔ واضح رہے کہ شیو پرتاپ شکلا اترپردیش کے گورکھپور ضلع سے تعلق رکھتے ہیں اور اسمبلی کیلئے چار مرتبہ منتخب ہوئے اور تین چیف منسٹرس کے ساتھ کابینہ میں شامل تھے۔ راجیہ سبھا رکن کے طور پر وہ نریندر مودی کابینہ میں منسٹر آف اسٹیٹ فینانس کے عہدہ پر فائز رہے۔ بی جے پی سے تعلق اور طویل سیاسی تجربہ رکھنے والے شیو پرتاپ شکلا کے تقرر سے سیاسی حلقوں میں پیش قیاسی کی جارہی ہے کہ حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔1