درخواست نظرثانی و تازہ اپیلوں کی طلبی، آج سے سماعت کا آغاز
حیدرآباد۔ 27 جنوری (پی ٹی آئی) صارفین کے تنازعات کی یکسوئی کے قومی کمیشن نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں زیرتصفیہ مقدمات پر سماعت کیلئے 28 جنوری تا 8 فروری ایک عبوری سرکٹ بینچ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق 2,685 کیسیس زیرتصفیہ ہیں اور صارفین ایک کروڑ روپئے یا اس سے زائد رقم کے تنازعات کے ضمن میں 8 فروری سے قبل اس بینچ پر اپنی اپیل داخل کرسکتے ہیں۔ صارفین کے تنازعات سے متعلق نظرثانی کی درخواستوں اور تازہ اپیلوں کو بھی سرکٹ بینچ پر پیش کیا جائے گا۔ کمیشن کے چیرمین جسٹس آر کے اگروال اس بینچ کی قیادت کریں گے۔ ایم سریشا اس کی رکن ہیں۔ جسٹس اگروال اور ریاست تلنگانہ میں محکمہ امور صارفین کے سیکریٹری اکون سبھروال نے صارفین کے فورمس کو مستحکم بنانے کے لئے ضلعی صارفین فورموں کے صدور، عہدیداروں اور ارکان ایک اجلاس میں ملاقات کی۔ اجلاس میں تلنگانہ صارفین کمیشن کے صدرنشین جسٹس ایم ایس کے جیسوال نے بھی شرکت کی۔ اس عبوری سرکٹ بنچ کے قیام کا مقصد صارفین کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں ہونے والے خسارہ پر معاوضہ دلانا ہے ۔