چوتھے ندی اُتسو میں ماحولیاتی جہد کار پر ڈاکیومنٹری
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی سی ایچ سوشیل راؤ کی جانب سے تیار کردہ ڈاکیومنٹری ’’ انڈیاز گرین ہارٹ دوشرلہ ست نارائنا ‘‘ کی نئی دہلی میں 23 ستمبر کو اندرا گاندھی نیشنل سنٹر فار آرٹس میں نمائش کی جائے گی۔ چوتھے ندی اُتسو تقاریب کے دوران ڈاکیومنٹری کی نمائش ہوگی۔ یہ اُتسو 24 ستمبر تک نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔ سوشیل راؤ جو ماحولیات اور سماجی مسائل پر ڈاکیومنٹری تیار کرتے ہیں انہوں نے ماحولیاتی جہد کار 69 سالہ ڈی ست نارائنا کے حالات زندگی اور کارناموں پر ڈاکیومنٹری تیار کی ہے۔ نمائش کے بعد ڈاکیومنٹری پر مباحثہ ہوگا۔ تین روزہ ندی اُتسو میں ملک بھر کے فلم میکرس کی جانب سے 15 ڈاکیومنٹری فلمیں تیار کی گئی ہیں جن کی نمائش کی جائے گی۔ ماحولیاتی تحفظ اور ندیوں کو صاف ستھرا بنانے کے موضوع پر سمینار منعقد ہوگا جس میں اسکالرس، ریسرچرس اور ماہرین تعلیم شرکت کریں گے جس میں دریاؤں اور ذخائیر آب کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ سوشیل راؤ کی ڈکیومنٹری ڈی ست نارائنا کی خدمات پر ہے جنہوں نے راگھوا پورم نزد سوریا پیٹ ٹاؤن 70 ایکر پر جنگل تیار کیا ہے۔ انہوں نے گذشتہ 6 دہوں کی محنت سے جنگل تیار کیا اور وہ ماحولیاتی تحفظ کے کاموں میں مشغول ہیں۔ ست نارائنا کا شمار ملک کے جہد کاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے نلگنڈہ کے عوام کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے نمائندگی کی کیونکہ عوام فلورائیڈ سے متاثر تھے۔ سرکاری عہدیداروں، ماحولیات کے جہد کاروں اور پرندوں کے محافظین نے جنگل کا دورہ کرتے ہوئے ستائش کی۔