صحافی کے قتل کی کوشش، پونے پولیس نے چھ افراد کو گرفتار کیا

   

پونے : مہاراشٹرا کی پونے سٹی پولیس نے ایک مقامی صحافی کو دو بار قتل کرنے کی کوشش کرنے کے الزام میں چھ لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں زون 2 کی ڈی سی پی سمرتنا پاٹل نے کہا کہ ملزم نے 27 مئی کو مراٹھی روزنامہ کے صحافی ہرشد کٹاریا پر پہلے کوئٹا (درانتی) سے حملہ کیا اور اس کی آنکھوں میں مرچ کا پاؤڈر پھینکا، لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پھر دوسرا حملہ 11 جون کو پنے ستارا روڈ پر ایک ہوٹل کے نزدیک ہوا جب دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے کٹاریا پر فائرنگ کی۔ کٹاریا کو قتل کرنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہوگئی ، صحافی کو گولی نہیں لگی اور حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے ۔ کٹاریا نے اس سلسلے میں سوارگیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور پولیس نے پانچ ٹیمیں تشکیل دے کر تحقیقات شروع کردی۔ پاٹل نے کہا کہ ہماری ٹیم نے کئی مقامات پر جاکر 120 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج کا تجزیہ کیا تاکہ ملزمین کی شناخت کی جاسکے ۔