مسجد خزانہ آب دودھ باؤلی میں سیاست ، فیض عام ٹرسٹ ، میسکو کا مفت میڈیکل کیمپ
دو سو مریضوں کے معائنے اور مفت ادویات کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : خدمت خلق سب سے بڑی عبادت ہے اور دین اسلام میں بیماروں کی عیادت کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ۔ ساتھ ہی صحت و تندرستی کی برقراری پر بڑی شدت کے ساتھ زور دیا گیا ہے ۔ ایسے میں ہمیں اپنی صحت و تندرستی کا خاص خیال رکھنا چاہئے اور خود میں اس بات کے لیے شعور بیدار کرنا چاہئے کہ ہماری زندگی میں صحت کی کیا اہمیت ہے ۔ اگر آپ کے پاس دنیا کی ہر شئے ہر آرام و آسائش سہولتیں و آسانیاں موجود ہوں لیکن صحت ٹھیک نہ ہو تو یہ تمام چیزیں بے کار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پرانا شہر کے دودھ باولی علاقہ میں واقع مسجد خزانہ آب میں بلڈ پریشر اور شوگر ( ذیابیطس ) سے متاثرہ مریضوں کے لیے منعقدہ مفت میڈیکل کیمپ سے خطاب میں شہر کے مشہور و معروف ڈاکٹر مخدوم محی الدین ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ نے کیا ۔ مفت میڈیکل کیمپ ، روزنامہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ ، میسکو اور مسجد خزانہ آب دودھ باؤلی کی انتظامی کمیٹی کے اشتراک و تعاون سے منعقد کیا گیا تھا جس میں بی پی اور شوگر سے متاثرہ 200 مرد و خواتین نے شرکت کی جن کی مفت تشخیص کی گئی مفت معائنے کئے گئے اور ان میں 1.5 لاکھ روپئے مالیتی ادویات مفت تقسیم کی گئیں ۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مسجد خزانہ آب میں یہ پہلا مفت میڈیکل کیمپ ہے اور مستقبل میں بھی ایسے مفت میڈیکل کیمپس منعقد کئے جاتے رہیں گے ۔ اس کا مقصد عوام میں صحت سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ روزنامہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور میسکو نے ہماری مدد کی جب کہ ادویات کی مشہور و معروف کمپنیوں نے ادویات فراہم کی ۔ اس موقع پر سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، جناب رضوان حیدر ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ ، جناب سید حیدر علی بورڈ ممبر فیض عام ٹرسٹ ، جناب شیخ عثمان غنی عہدہ دار مسجد خزانہ آب انتظامی کمیٹی جناب میر ذوالفقار علی رکن مسجد انتظامی کمیٹی ڈاکٹر حافظ شجیع امام رکن انتظامی کمیٹی مسجد خزانہ آب ، سید عبدالستار منیجر فیض عام ٹرسٹ ، محمد اعظم فیلڈ آفیسر فیض عام ، میسکو ، بی بی آمنہ ملی ہاسپٹل اور فیض عام ٹرسٹ کے ارکان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین اور ڈاکٹرسید حسن نے مریضوں کے معائنے کئے ۔ ان کی تشخیص کرتے ہوئے ادویات تجویز کی ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ ڈاکٹر سید حسن کو اسکولی تعلیم سے لے کر میڈیسن تک فیض عام ٹرسٹ نے اسپانسر کیا ۔ جناب رضوان حیدر نے اس مفت میڈیکل کیمپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ صبح 10 تا سہ پہر 3 بجے تک جاری رہے اس مفت میڈیکل کیمپ سے جن مرد و خواتین نے استفادہ کیا ان کی زبانوں پر سیاست ، فیض عام ٹرسٹ ، میسکو اور بی بی آمنہ ملی ہاسپٹل کے ذمہ داروں کے لیے دعائیں تھیں ۔ واضح رہے کہ سیافت ( سیاست اور فیض عام ٹرسٹ ) کے ساتھ ساتھ عائشہ آفند ، اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر مسجد خزانہ آب دودھ باولی میں روزگار سے مربوط پیشہ وارانہ کورسیس چلارہے ہیں جہاں 10 سال کی عمر سے لے کر 60 سال کے مرد و خواتین کو تربیت دی جارہی ہے ۔ ان سنٹرس سے 400 سے زائد مرد و خواتین استفادہ کرچکے ہیں اور روزگار سے مربوط ہوئے ہیں ۔۔