صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند سے وزیراعظم مودی کی ملاقات

,

   

پنجاب دورہ کے موقع پر سیکوریٹی نقص کی تفصیلات سے واقف کروایا

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج راشٹرپتی بھون میں صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی اور انہیں اپنے پنجاب کے دورہ کے موقع پر سیکوریٹی نقص کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ بعد ازاں اپنے ایک ٹوئٹر پیام میں صدرجمہوریہ کے سکریٹریٹ نے بتایا کہ صدرجمہوریہ نے وزیراعظم نریندر مودی کے پنجاب دورہ کے موقع پر سکیوریٹی نقص پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے صدرجمہوریہ سے ملاقات کے بعد ان کی سیکوریٹی نقص پر تشویش کا اظہار کرنے پر ان سے اظہار تشکر کیا ۔ قبل ازیں نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے بھی وزیراعظم نریندر مودی سے بات کی اور پنجاب واقعہ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا تھا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کے پنجاب کے دورہ کے موقع پر سیکوریٹی میں غفلت و لاپرواہی کا واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے وزیراعظم فلائی اوور پر 10 تا 15 منٹ پھنس گئے اور جلسہ سے خطاب کے بغیر ہی واپس لوٹ گئے ۔ دوسری طرف پنجاب کے چیف منسٹر چرنجیت چنی نے سیکوریٹی میں غفلت و لاپرواہی سے انکار کیا اور کہا کہ اس کے پیچھے کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اس واقعہ کی کسی بھی تحقیقات کیلئے تیار ہے ۔ پنجاب حکومت نے جمعرات کو تحقیقات کیلئے دو رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ۔اسی دوران کابینی کمیٹی برائے سیکوریٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ وزارت داخلی امور اس ضمن میں بڑے اور سخت فیصلے کرے گی ۔