حیدرآباد۔28۔جون(سیاست نیوز) جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے عیدالاضحی کے موقع پر مسلمانان عالم بالخصوص تلنگانہ کے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی پرخلوص مبارکباد پیش کی اور حج بیت اللہ کی ادائیگی کرنے والے حجاج اکرام کو ان کے حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے اپنے پیام عیدالاضحی میں کہا کہ یہ عید اسوۂ ابراہیمی پر چلتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے تیار رہنے کا درس دیتی ہے۔انہو ںنے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے اطراف و اکناف کے ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اللہ کے نبیﷺ نے اسلام کی دونوں عیدین کے دوران ضرورت مندوں کا خیال رکھنے کی تعلیم دی ہے جس پر عمل کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عیدالاضحی کے دوران کی جانے والی قربانی کے باقیات کو تلف کرنے میں احتیاط اور اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ اپنے محلہ جات اور اطراف اکناف کے علاقوں کو صاف ستھرا بنائے رکھنے کی تاکید کی۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ دین اسلام میں قربانی کو جو اہمیت حاصل ہے اس کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کو عید کی شکل میں برقراررکھا ہے تاکہ قربانی کا درس اوراللہ کی راہ میں اپنی عزیز ترین شئے کی قربانی کا جذبہ مسلمانوں میں باقی رہے۔م