صدر پی سی سی پر سنگین الزامات ‘ پارٹی کو ریونت ریڈی نے سوپر مارکٹ بنادیا

   

صدر اقلیتی سیل عبداللہ سہیل مستعفی ‘ شیخ اکبر ‘ محمد اظہر الدین و دیگر کو ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام
حیدرآباد 28 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدر نشین شیخ عبداللہ سہیل نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے پارٹی سے اپنی وابستگی ختم کرنے کا اعلان کیا اور پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کو اپنا استعفی روانہ کردیا ۔ عبداللہ سہیل طویل عرصہ سے کانگریس سے وابستہ تھے ۔ عبداللہ سہیل نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی پر پارٹی میں ٹکٹس فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ۔ عبداللہ سہیل نے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کو روانہ مکتوب استعفی میں کہا کہ ریونت ریڈی نے کانگریس کو سوپر مارکٹ بنادیا جہاں بھری جیب کے ساتھ کوئی بھی آ کر کوئی بھی عہدہ خرید سکتا ہے ۔ آج ایسے کئی قائدین اہم اور ذمہ دار عہدوں پر فائز ہوچکے ہیں جنہوں نے کبھی کسی احتجاج میں حصہ نہیں لیا اور نہ وہ کبھی گرفتار ہوئے تھے ۔ جو لوگ دولت رکھتے ہیں وہ پارٹی میں اپنی مرضی کے عہدے خریدنے میں کامیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ریونت ریڈی کو صدر پردیش کانگریس بنایا گیا تھا اس وقت رکن پارلیمنٹ کے وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا تھا کہ اس وقت کے انچارچ اے آئی سی سی تلنگانہ امور مانیکم ٹیگور نے 50 کروڑ روپئے میں یہ عہدہ فروخت کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں ہم نے اس پر یقین نہیں کیا تھا لیکن بعد میں پتہ چلا کہ ریونت ریڈی نے 50 کروڑ کی سرمایہ کاری کی اور اب منافع کے ساتھ بھاری رقومات کما رہے ہیں۔