’صرف اپنی مرضی کرنے پر اتنا ہنگامہ

   

مشیل اوباما کا طلاق کی افواہوں پر ردعمل
نیویارک : سابق امریکی صدر براک اوباما اور اہلیہ مشیل اوبامہ کے درمیان اختلافات اور طلاق کی خبریں کچھ عرصے سے زیر گردش ہیں، جس پر اب سابق خاتون اول کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق 61 سالہ مشیل اوباما نے گزشتہ روز کو ’ورک ان پروگریس‘ پوڈ کاسٹ میں شرکت کی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری اور بعض دوسری تقریبوں میں شرکت نہیں کی، تو ہماری نجی زندگی کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں صرف اس لیے کہ میں نے اپنی مرضی سے فیصلہ کیا۔‘دعوت ناموں کو ٹھکرانے کے فیصلے کے حوالے سے دو بچوں کی ماں مشیل اوبامہ کا کہنا تھا کہ ’دلچسپ بات یہ ہے کہ جب میں دوسرے لوگوں کی طرح ’نہیں‘ کہتی ہوں تو مجھے معلوم ہوتا ہے کہ میں درست ہوں۔‘خیال رہے علیحدگی کی افواہیں سال کے آغاز میں اس وقت پھیلنا شروع ہوئیں جب سابق خاتون اول نے ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کی تھی کیونکہ روایتی طور پر تمام سابق صدور اپنی بیویوں سمیت اس تقریب میں شرکت کرتے ہیں۔مشیل اوباما نے ازدواجی زندگی کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا۔