58 سے 60 سال کیا جائے گا، گزیٹیڈ ملازمین سہولت سے محروم، معاشی صورتحال کی بنیاد پر فیصلہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ سرکاری ملازمین وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کیلئے حکومت کے اعلان کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں حکومت نے ایک طرف پے ریویژن کمیشن رپورٹ میں تاخیر کردی ہے تو دوسری طرف وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کے فیصلہ کو موخر کردیا۔ کے سی آر حکومت نے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 58 سے بڑھا کر 60 سال کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ گزیٹیڈ و نان گزیٹیڈ دونوں زمروں سے وابستہ عہدیدار اور ملازمین بے چینی سے اعلان کے منتظر ہیں لیکن تازہ ترین معاشی صورتحال کے پیش نظر حکومت صرف این جی اوز کو یہ خوشخبری سنانے کی تیاری میں ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد حکومت اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ صرف نان گزیٹیڈ رتبہ کے ملازمین کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کیا جائے۔ ایسے ملازمین جوسپرنٹنڈنٹ رتبہ تک ہیں وہ 60 سال تک ملازمت پر برقرار رہ پائیں گے۔ حکومت جب کبھی بھی اس فیصلہ کا اعلان کرے گی گزیٹیڈ ملازمین اور عہدیدار مایوس ہوسکتے ہیں۔ وظیفہ کی عمر کے مسئلہ پر ملازمین کی تنظیموں میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ تلنگانہ ایمپلائیز اسوسی ایشن کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی جس میں تقریباً 120 تنظیمیں شامل ہیں وہ عمر میں اضافہ کے حق میں ہیں لیکن گزیٹیڈ ملازمین کو محروم کرنے پر انہیں کوئی دلچسپی نہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزیٹیڈ ملازمین کی اسوسی ایشن نے عمر میں اضافہ کے سلسلہ میں حکومت سے کوئی نمائندگی نہیں کی۔ م
حکمہ فینانس کی جانب سے ملازمین کے ریٹائرمنٹ کی مختلف ریاستوں کی پالیسیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے خاص طور پر ٹاملناڈو پر نظر ہے۔ حکومت اس فیصلہ پر عمل آوری کیلئے اس کے پاس موجود بہتر مواقع تلاش کررہی ہے۔ محکمہ جات ریونیو اور آبپاشی میں اصلاحات کی تکمیل کے بعد اس فیصلہ کا اعلان کیا جائے گا۔صرف این جی اوز کو فائدہ پہنچانے کی صورت میں ایک لاکھ 13000 ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ ملازمین کو امید ہے کہ حکومت آرڈیننس کی شکل میں بہت جلد اعلان کرے گی۔ 7 ستمبر سے اسمبلی کے مانسون سیشن کا آغاز ہورہا ہے لہذا ملازمین چاہتے ہیں کہ چیف منسٹر اسمبلی میں یہ اعلان کریں۔ ٹاملناڈو میں ریٹائرمنٹ کی عمر 59 سال ہے جبکہ 16 ریاستوں بشمول آندھرا پردیش کے ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال مقرر کی گئی ہے۔ جگن موہن ریڈی نے برسراقتدار آنے کے بعد انتخابی وعدہ کی تکمیل کے طور پر وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے ملازمین کے ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال ہے۔