جرنلزم سے خوداعتمادی پیدا ہوتی ہے، قومی اردو کونسل میں طلبہ کے ساتھ نشست
نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن کے طلبہ کیلئے ایک انٹریکشن پروگرام کیاگیا جس میں طلبہ کے ساتھ وہاں کے اساتذہ بھی شریک ہوئے۔ قومی کونسل کے ڈائرکٹر شمس اقبال نے کہاکہ جر نلزم آج کی ضرورت ہے اورجرنلزم اعتماد پیدا کرنے والی تعلیم ہے ،اس لیے آپ جتنازیادہ دوسرے ادارے کے لوگوں سے ملیں گے اورکتابوں کا مطالعہ کریں گے ،آپ میں خوداعتمادی آئے گی اوراپنے میدان میں کامیاب ہوں گے ۔جرنلز م کی باریکیوں کو سمجھنے اورپبلشنگ کے طورطریقوں کو بھی جاننے کی کوشش کیجیے ۔ حقانی القاسمی نے کہاکہ صحافت یوں سمجھئے کہ کانٹوں بھری وادی ہے اور صحافت کا بنیادی کام ویرانے کو آباد کرناہے ،انھوں نے روزنامچہ اورڈائری لکھنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ صرف صحافتی نظریات اورتھیوریز پڑھ کر صحافت نہیں آسکتی بلکہ اس کیلئے عملی مشق ضروری ہے ،اس وقت آپ کیلئے ضروری ہیکہ صحافت کے متعلق بنیادی نوعیت کی کتابیں پڑھیں تاکہ آپ صحافت وابلاغ کے جملہ طریقۂ کار اورذرائع اظہار سے واقف ہوسکیں۔ طلبہ نے صحافت اورپبلشنگ سے متعلق سوالات کیے ۔ پروگرام میں نائب مدیر ڈاکٹر عبدالباری، آئی آئی ایم سی کے استاد محمد ثاقب ،ابھیشیک سنگھ ،پون سنگھ ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اجمل سعید اور محمد توثیق بھی موجود تھے ۔