صلاح کا ناقص مظاہرہ ،لیورپول پہلے مقام سے محروم

   

لیورپول۔6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) اطالوی لیگ میں جوونٹس نے نیپولی کو شکست دی جبکہ پریمیئر لیگ میں ایورٹن کے ساتھ میچ برابر ہونے سے لیور پول پہلے مقام سے نیچے آگئی جس کا فائدہ مانچسٹر سٹی کو ہوا۔ اطالوی لیگ میں کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم جوونٹس کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے اور اس نے اپنی قریبی حریف نیپولی کلب کیخلاف میچ میں1-2 سے کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر16پوائنٹس کی سبقت حاصل کر لی۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے ایک، ایک کھلاڑی کو سرخ کارڈ دکھایا گیا۔ نیپولی کے گول کیپر نے کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف خطرناک فاول کیا جس پر ریفری نے اسے گراونڈ سے باہر کردیا جبکہ بعد ازاں جوونٹس کے پجانچ کو بھی باہر کردیا گیا۔ اس سے پہلے وہ فری کک پر جوونٹس کوایک گول کی برتری دلا چکے تھے۔ایمری کین نے دوسرا گول کرکے برتری مستحکم کردی۔ میچ ختم ہونے سے پہلے جوز کیلیجون نے ایک گول کرکے خسارہ کم کیا لیکن میچ جوونٹس کے حق میں ختم ہوا۔ رونالڈو کوئی گول نہ کر سکے تاہم ان کے خلاف فاول ٹیم کیلئے گول کی بنیاد بنا اور اب جوونٹس لیگ میں ایک اور خطابی فتح کے قریب تر ہو گئی ہے۔ دریںانثاء مصری اسٹار محمد صلاح کی طرف سے گول کرنے کے 2 سنہری مواقع ضائع ہوجانے سے پریمیئر لیگ کپ لیور پول کے ہاتھ سے نکل رہاہے اور روایتی حریف ایورٹن کیخلاف میچ بغیرکسی گول کے برابر ہوجانے سے لیورپول ایک مرتبہ پھر لیگ میں دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ اب اگر نمبر ون ٹیم مانچسٹر سٹی کو اس کی حریف مانچسٹر یونائیٹڈ شکست دے تو لیور پول کے پاس آگے آنے کا موقع ہے۔