قاتل کو پھانسی کی سزا کا مطالبہ ، کینڈل مارچ ، مرد و خواتین کی کثیر تعداد شریک
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : صنعت نگر کے علاقہ علاء الدین کوٹھی میں کم عمر عبدالواحد کے قتل کے خلاف عوام میں غم و غصہ دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے ۔ مقامی عوام نے اس کم عمر بچہ کے قاتلوں کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست احتجاج کیا ۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اس احتجاج میں علاء الدین کوٹھی کے تمام شہری بالخصوص خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ ہزاروں کی تعداد میں عوام جمع ہوگئے اور کینڈل مارچ منعقد کیا ۔ ہزاروں عوام کا یہ احتجاجی پرامن رہا ۔ جہاں پولیس نے عوام کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے بھاری بندوبست کیا تھا ۔ برہم خواتین انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے کمسن اور شیر خوار بچوں کو گود میں لیے احتجاج میں شریک تھیں اور طویل کینڈل مارچ نکالا گیا ۔ عبدالواحد کے قتل کے بعد اس علاقہ کی عوام میں قاتل ہجڑا عمران کے خلاف سخت برہمی پائی جاتی ہے ۔ احتجاجی خواتین نے اپنے بچوں کی سلامتی کا سب سے بڑا سوال اٹھایا اور بتایا کہ اس سنسنی خیز قتل کے بعد عوام اپنے بچوں کی سلامتی کے لیے فکر مند ہیں اور اس علاقہ میں خوف پایا جاتا ہے ۔ زنخہ عمران کی جانب سے کم عمر عبدالواحد کے قتل کے بعد سے علاقہ میں غم و مایوسی پائی جاتی ہے اور مقامی عوام انصاف کے لیے بے چین ہیں ۔ کینڈل مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں شریک عوام بالخصوص خواتین اور نوجوان اپنے ہاتھوں میں عبدالواحد کی تصاویر کے پلے کارڈز تھامے ہوئے احتجاج کررہے تھے اور قاتل عمران کو پھانسی دینے کے مطالبہ میں اس احتجاج کے بعد شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ احتجاج میں شریک عوام نے عمران کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا اور پولیس کمشنر سائبر آباد سے سخت اقدامات کی درخواست کی ۔ عوام نے ہجڑا عمران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور اسی بات کے خوف کا اظہار کیا کہ اگر پولیس اس مسئلہ پر انجان بنی رہتی ہے تو پھر ہجڑا عمران کو ضمانت مل جائے گی ۔ علاء الدین کوٹھی علاقہ کے عوام نے انصاف ملنے اور ہجڑا عمران کو پھانسی دینے تک اپنے احتجاج کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور پولیس سے انصاف کے لیے بغیر کسی دباؤ کاروائی کا مطالبہ کیا ۔۔ ع