حیدرآباد۔فیڈریشن آف تلنگانہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے خاتون صنعتکاروں اور تاجرین کو آن لائن رہنمائی اور سرپرستی کے اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے فیڈریشن کے شعبہ خواتین کی جانب سے منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔بھگوتی بلدوا کی نگرانی میں شروع کئے جانے والے اس تین مرحلوں کے پروگرام کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ فیڈریشن آف تلنگانہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے خواتین کو خودمختار تاجر اور صنعتکار بنانے کے سلسلہ آن لائن رہنمائی فراہم کی جائے گی اور اس دوران انہیں حکومت کی جانب سے حاصل ہونے والی سبسیڈی اور دیگر مراعات کے متعلق واقف کروانے کے علاوہ کس تجارت میں منافع ہے اور کن صنعتوں کی حالت بہتر ہوگی اس سلسلہ میں بھی واقف کروایا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ 18 اور 25جولائی کو اس سلسلہ میں رہنمائی کے آن لائن پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور اس دوران خواتین کو نئی تجارت کے آغاز کیلئے قانونی دستاویزات اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔