تل ابیب : غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کے لواحقین نے اسرائیلی پارلیمنٹ (Knesset) کے سامنے مظاہرہ کیا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے زیر حراست قیدیوں کی جلد از جلد وطن واپس لایا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینکڑوں مظاہرین نے اسرائیلی پارلیمنٹ کے سامنے جمع ہو کر قیدیوں کے تبادلے کے معاہدہ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا، مظاہرے میں شریک شرکاء نے غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کی تصویریں اٹھائے ہم آواز ہوکر اور چیخ کر کہاکہ غزہ کے قیدیوں کو ابھی اسی وقت زندہ گھر واپس لوٹنا چاہیے۔ خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں 7 اکتوبر سے جاری صہیونی فوجیوں کے جارحانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، رمضان کے مبارک مہینے میں بھی روزانہ کی بنیاد پر مسلسل بمباری کی جارہی ہے ، جس کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی شہید ہوتے ہیں، اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 33 ہزارکے قریب پہنچ گئی ہے۔