ضروری ہوتو وہیل چیئر پر انتخابی مہم چلاؤں گی : ممتا بنرجی

,

   

ٹی ایم سی کارکنوں اور حامیوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل۔پیر، کندھے اور گردن پر چوٹ، 2 دن کیلئے زیرعلاج

کولکاتا: مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آج اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر ضرورت ہو تو آئندہ دو دنوں میں وہ اسمبلی انتخابات کیلئے وہیل چیئر پر بھی انتخابی مہم چلائیں گی۔ ہاسپٹل کے بیڈ سے ایک ویڈیو کلپ جاری کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ اُن کے پیر پر زخم آئے ہیں اور توقع ہے کہ اندرون دو دن وہ ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوجائیں گی۔ انہوں نے پارٹی ورکرس اور اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست بھر میں امن اور ڈسپلین برقرار رکھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسی کسی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں جس سے معمول کی زندگی میں خلل پڑتا ہو۔ آئندہ دو تین دنوں میں وہ معمول کے کام کاج میں واپس ہونے کی اہل ہوجائیں گی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ شیڈول کے مطابق کسی بھی جلسہ کو ملتوی نہیں کریں گی۔ اسی دوران مغربی بنگال کے نندی گرام میں انتخابی تشہیر کے دوران کل زخمی ہونے کے بعد ممتا بنرجی کو علاج کیلئے کولکاتا کے ایس ایس کے ایم ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی ٹی ایم سی کا الزام ہے کہ ان پر حملہ کیا گیا ہے، انہیں دھکا دیا گیا اور پھر جبراً دروازہ بند کرنے کی کوشش کی گئی۔ ممتا بنرجی نندی گرام میں رواں ماہ ہونے والے انتخابات کے پیش نظر کاغذات نامزدگی داخل کرنے کیلئے پہنچی تھیں۔اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کے پیر، کندھے اور گردن پر چوٹ آئی ہے اور انہیں درد کی دوا دی گئی ہے۔ ایک ڈاکٹر نے کہا ’’ابتدائی معائنہ میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کی بائیں ایڑی اور پیر کی ہڈیوں میں چوٹ آئی ہے اور دائیں کندھے، بازو اور گردن پر چوٹ آئی ہے۔ چیف منسٹر نے سینے میں درد اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت بھی کی ہے۔ انہیں 48 گھنٹوں کیلئے نگرانی میں رکھا گیا ہے۔‘‘ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’بی جے پی 2 مئی، اتوار کو بنگال کے عوام کی طاقت کا اندازہ کرنے کیلئے تیار ہو جائے۔‘‘ جبکہ دوسری جانب عینی شاہدین نے بتایا کہ ممتا بنرجی کو کسی نے بھی دھکہ نہیں دیا اور نہ ہاتھا پائی کی بلکہ ایک پلر سے ٹکرانے کے بعد ان کی کار کا دروازہ بند ہوگیا۔ اس موقع پر پولیس اور ان کے باڈی گارڈس بھی موجود تھے۔ ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ چار پانچ افراد نے انہیں دھکہ دیا اور پولیس وہاں موجود نہیں تھی۔